علامہ محمد اقبال ؒ کا یوم وفات؛ ایم سی اسلامیہ ہائر سیکنڈری سکول جہلم میں پر وقار تقریب کا انعقاد

0

جہلم: سی ڈی سی المرکز کے زیر اہتمام جناح جرنلسٹ فورم کے تعاون سے گورنمنٹ ایم سی اسلامیہ ہائر سیکنڈری سکول جہلم میں علامہ محمد اقبال ؒ کے یوم وفات کے سلسلے میں ایک شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت گورنمنٹ ایم سی اسلامیہ ہائر سیکنڈری سکول جہلم کے پرنسپل رانا محمد اعظم نے کی اور مہمان خصوصی سینیئر قانون دان مرزا عبدالغفور بیگ ایڈووکیٹ تھے۔ نظامت کے فرائض سکول کے معلم محمد عادل نے انجام دیے۔

اس تقریب میں طلبا کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔تلاوت اور نعت کے بعد طلبا کی طرف سے محمد زوہیب،حمزہ خان اور نجم الثاقب نے تقاریر کرکے علامہ محمد اقبال ؒ کی شخصیت پر مختلف حوالوں سے روشنی ڈالی۔محمد حسنین نے کلام اقبال پیش کیا۔پروفیسر زاہد حسین ساہی،پروفیسر(ر) عبدالرزاق اور پروفیسر(ر) قدرت علی سیالوی نے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد اقبال ؒ کی شخصیت اور شاعری پرروشنی ڈالی۔

مہمان خصوصی مرزا عبدالغفور بیگ ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں فکر اقبالؒ کو عام کرنے کی ضرورت اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔صدارتی خطبہ میں پرنسپل گورنمنٹ ایم سی اسلامیہ ہائر سیکنڈری سکول جہلم رانا محمد اعظم نے اس بات کو اپنی خوش بختی سمجھا کہ عظیم مفکر،شاعر مشرق اور فلسفی علامہ محمد اقبالؒ کے یوم وفات کے سلسلے میں تقریب کے لیے ہمارے سکول کو منتخب کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ طلباو طالبات میں فکر اقبالؒ کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اس سلسلے میں اساتذہ اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔اس لیے ہمیں چاہیے کہ اس سلسلے میں ہر ممکن کوشش کی جائے۔اس موقع پر انھوں نے اپنے سکول میں طلبا اور اساتذہ پر مبنی مجلس اقبال ؒکے قیام کا اعلان بھی کیا۔

تقریب کے اختتام پرتقاریر میں اول ،دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے اور دیگر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبا میں انعامات اور شیلڈ زتقسیم کی گئیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.