جہلم

6 ستمبر کا دن پوری پاکستانی قوم کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ میجر جنرل ظفر الحق

جہلم: 6 ستمبر کے حوالے سے اسلام قریشی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے اولڈ ہوم نیو کالا آرائیاں میں تقریری مقابلے منعقد کروائے گئے ، اس تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل ظفرالحق سمیت سابق چیئرمین پبلک سیفٹی کمیشن صدر انجمن تاجران چوہدری محمد عارف ، سابق ایم پی اے چوہدری سعید اقبال تھے۔

اس موقع پر میجر جنرل ظفر الحق نے کہا کہ 6 ستمبر1965ء کو پاکستانی قوم نے جس جرات و بہاری کا مظاہرہ کرکے دشمن کو واپس بھارت بھاگنے پر مجبور کیا مدتوں یاد رکھا جائیگا، ضلع جہلم شہیدوں ، غازیوں کی سرزمین ہے ، ضلع جہلم میں کوئی ایسا قبرستان نہیں جہاں شہید دفن نہ ہو، 6ستمبر کا دن پوری پاکستانی قوم کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے‘ 1965ء میں اس دن ہمارے ازلی دشمن بھارت نے پاکستان پر حملہ کر دیا جو پاکستان کی مسلح افواج نے پاکستانی قوم کے تعاون سے ناکام بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستانی مسلح افواج اور عوام متحد تھے‘ یہ اس مثالی اتحاد کا ہی نتیجہ ہے کہ پاکستان نے طاقت، آبادی اور اسلحہ کے اعتبار سے اپنے سے کئی گنا بڑے ملک بھارت کا حملہ ناکام بنا کر اس کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے۔ بھارت روایتی جنگ نہیں جیت سکا جس کے بعد اس نے غیر روایتی طریقوں سے پاکستان کے خلاف سازشیں شروع کر دیں اور 71ء کا سانحہ رونما ہوا۔ بھارت اب بھی پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ بھارت کی یہ سازشیں اسی وقت ناکام ہوں گی جب 1965ء کی طرح مسلح افواج اور پاکستان کے عوام ایک ہوں گے۔

اس موقع پر تقریری مقابلوں کا انعقاد بھی کروایاگیا جس میں مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا ،تقریری مقابلوں میں ا ول،دوئم،سوئم آنے والے طلبہ طالبات میں شیلڈز و ٹرافیاں تقسیم کی گئیں ، اس موقع پر جہلم کے ایدھی محمداسلام قریشی،عامرسلیم میر، طارق عظیم بھٹی،جاوید اسلام قریشی،عبدالغفور بٹ سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پرسابق ناظم یونین کونسل کالا گجراں عامر سلیم میر نے آج بروز ہفتہ کالاگجراں اولڈ ھوم میں فری آئی کیمپ لگانے کااعلان بھی کیا، انہوں نے غریب ، بے سہارا ، سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے آنکھوں کی بینائی سے محروم افراد اورآنکھوں کی بیماریوں میں مبتلا افراد کومفت طبی معائنہ کروانے کی دعوت دی ہے۔

عامر سلیم میر نے کہا کہ اسلام قریشی ویلفیئر ٹرسٹ میں شہریوں کا جہاں مفت علاج معالجہ کیاجائیگاوہاں شہریوں کو مفت کھانا بھی فراہم کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ حقوق اللہ ، اللہ تعالیٰ معاف کر سکتے ہیں جبکہ حقوق العباد کا معاملہ اللہ کے بندوں سے ہے اس لئے ہمیں ایک دوسرے کاسہارا بننا ہوگاتاکہ غریب اور سفید پوش افراد باعزت طریقے سے زندگی بسر کر سکیں ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button