محرم الحرام کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس الرٹ ہیں، سیف انور، سید حماد عابد

0

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم محمدسیف انور جپہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم کیپٹن(ر) سید حماد عابد نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس الرٹ ہیں،انتظامیہ و پولیس سول اداروں کی مدد کیلئے چوکس ہے ، باہم کوارڈینیشن سے عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی،صفائی اور دیگر انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال ،چوہدری ظفر اقبال،صبر ینہ جاوید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میثم عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید نذارت علی،اے سی دینہ محمد عاطف، اے سی سوہاوہ ذوالفقار احمد، اے سی پنڈ دادنخان احمد فراز، سید مجتبیٰ الحسن گیلانی،قاری عبدالباسط ،حافظ عبدالحمید عامر،سعد مدنی کے علاوہ ضلع کے تمام علماء کے ساتھ ساتھ صدر انجمن تاجراں چوہدری عارف محمود اور دیگر موجود تھے ۔

ڈپٹی کمشنر محمدسیف انور جپہ نے حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی سی سیف انورنے کہا کہ ضلعی امن کمیٹی کے ممبران کے بھرپور تعاون کے نتیجہ میں ضلع جہلم ہمیشہ امن و امان برقرار رکھنے میں کامیاب رہا، جہلم کو امن و امان کا گہوارہ بنانے میں ہمیں مل جل کر کام کرنا ہوگا۔

ڈی پی او کیپٹن (ر) سید حماد عابد نے بتایا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے علماء کرام کا کردار ہمیشہ مثبت رہا ہے ۔اجلاس میں علما ء کرام نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع جہلم کے امن کو برقرار رکھنے کیلئے وہ حکومت اور انتظامیہ کیساتھ اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.