قربانی کے جانور خریدتے وقت شرعی تقاضوں کو مدنظر رکھا جائے، سید خلیل حسین

0

جہلم: قربانی کے جانور خریدتے وقت شرعی تقاضوں کو مدنظر رکھا جائے ، عشرہ ذو الحج افضل اور پسندیدہ ترین ایام ہیں ، ان میں اعمال صالحہ کی کثرت کرنی چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار مرکزی جماعت اہلسنت کے ضلعی امیر سید خلیل حسین کاظمی نے گزشتہ روز مدرسہ انجمن تعلیم الاسلام شمالی محلہ میں صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عشرہ ذوالحج افضل اور پسندیدہ ترین ایام ہیں ، ذوالحج کے پہلے عشرہ میں اعمال صالحہ اور امور خیر کی کثرت کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے عشرہ میں کئے جانے والے نیک اعمال اللہ تعالیٰ کو زیادہ پسندہیں، ان دنوں کو رسول اللہ ﷺ نے دنیاء کے افضل ترین دن قرار دیا ہے ، ان دنوں میں نماز ، تلاوت ، درود شریف ، توبہ استغفار، صلہ رحمی ، حسن اخلاق، حقوق اللہ ، حقو ق العبادکی ادائیگی کا زیادہ اہتمام کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 9 ذوالحج شریف کا روزہ گزشتہ اور آئندہ سال کے گناہوں کا کفارہ ہوتاہے ،10 ذوالحج کو کئے جانے والی قربانی سے بڑھ کر کوئی عمل اللہ تعالیٰ کے ہاں پسندیدہ نہیں ، لہٰذا مسلمانوں کو چاہیے کہ قربانی کے جانور خریدتے وقت شرعی تقاضوں کو ضرور مدنظر رکھیں، ہر عمل کی طرح قربانی کے عمل میں بھی سب سے بنیادی شرط اخلاص نیت ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.