بہت جلد ضلع جہلم میں پولیس نفری کی کمی پوری ہوجائے گی۔ آئی جی امجد جاوید سلیمی

0

جہلم: آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کا پولیس لائن جہلم کا دورہ، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی، بچوں نے پھولوں گلدستے پیش کیے، آئی جی پنجاب نے پولیس گارڈ کا معائنہ کیا اور پولیس لائن میں جم کا افتتاح کیا۔

آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے پولیس لائن جہلم میں پولیس شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ، پولیس لائن میں موجود ریسورس مینجمنٹ سنٹر اور پولیس ٹریننگ سکول کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او جہلم، کیپٹن ریٹائرڈ سید حماد عابد، ڈی ایس پیز جہلم اورپولیس آفیسر بھی ہمراہ تھے۔

ڈی پی او جہلم کیپٹن (ر) سید حماد عابد نے آئی جی پنجاب کے ہمراہ پولیس افسران کا تعارف کروایا، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہی تھی تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ عمل میں نہ آ سکے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس امجد جاوید سلیمی نے کہا کہ بہت جلد پولیس کی نفری کی کمی جہلم میں پوری ہوجائے گی، مجھ پر کوئی سیاسی پریشر نہیں میں اپنے کام اور میرٹ کو مد نظر رکھ کر کام کر رہا ہوں، تمام پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ میرٹ پر تفتیش کرکے جلد انصاف فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عوام الناس کو جلد انصاف مہیا ہو، اس وجہ سے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ دو گھنٹے عوام کی شکایات خود سنیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.