جہلم

خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے گورنمنٹ کالج برائے خواتین میں سیمینار کا انعقاد

جہلم: گورنمنٹ کالج برائے خواتین میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں خواتین کے مسائل اور ان کے حل کے بارے تقاریر کی گئیں اور حکومت کی جانب سے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے کی جانے والی کاوشوں و کوششوں کو سراہا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ کالج برائے خواتین میں 8 مارچ عالمی یوم خواتین کے حوالے سے خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں، اس موقع پر سال سوئم کی طالبہ طیبہ سرفرازنے تلاوت کلام ِ پاک کی سعادت اورنعت رسول مقبول ؐ کی سعادت سال سوئم کی طالبہ نور آمنہ نے حاصل کی۔

کالج کی پرنسپل محترمہ ثمینہ ضیاء نے مہماناں خصوصی کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ معاشی سرگرمیوں میں خواتین کا کردار نمایاں ہے اور زندگی کے ہر شعبے میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ خدمات سرانجام دے رہی ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ملکی تعمیرو ترقی کیلئے خواتین کے کردار اور اہمیت کو سمجھا جائے اور خواتین کے خلاف منفی رویوں میں تبدیلی لائی جائے تا کہ ایک مثبت معاشرے کی تشکیل کی جا سکے ۔

سیمینار کی مہمان خصوصی محترمہ نگہت میر ممبر قومی اسمبلی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیلم خٹک تھی، جنہوں نے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے طالبات میں خواتین کے حقوق بارے آگاہی فراہم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے خواتین کے حقوق کے تحفظ بارے اہم اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین کو بااختیار بنانے اور انکے حقوق کے تحفظ کیلئے متعدد عملی اقدامات کر رہی ہے اور موثر قانون سازی کے ذریعے خواتین کا تحفظ ممکن بنا یا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خاتون صوبائی محتسب کی تقرری سے خواتین کو ہراساں کئے جانے کے واقعات کی روک تھام میں کمی واقع ہوئی ہے ،انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے خواتین کے تحفظ کیلئے حر اسمنٹ قانون نافذ کیا ہے تا کہ خواتین معاشرے میں باوقار زندگی گزارسکیں اور کسی کو خواتین کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہ ہو۔انہوں نے طالبات کو نصیحت کی کہ وہ محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کریں ، کیونکہ آنے والے دنوں کی باگ دوڑ آپ ہی کو سنبھالنی ہے۔

کالج کی طالبات عائشہ فیصل ،ردا زینب و دیگر نے عورت کی اہمیت اور اس کے مختلف کردار پر روشنی ڈالی ، سال سوئم کی طالبہ شفق آفریدی نے خوبصورت نظم پیش کرکے حاضرین کے دل موہ لئے ، کالج کی لیکچرار مسسزبشریٰ ناہید نے نصاب میں عورتوں کے حقوق اور ان کی اخلاقی نشوونما شامل کرنے کے حوالے سے دل افروز خطاب کیا۔

لیکچرار مس جمیلہ نورین نے جدید میڈیا اور اس کے خواتین پر اثرات کے حوالے سے سامعین کو تفصیلی آگاہی فراہم کی ، گورنمنٹ کامرس کالج برائے خواتین سے آنے والی طالبات نے نہایت خوبصورت انداز میں ٹیبلو پیش کیے اورخواتین کے عالمی دن کے حوالے سے نظمیں پیش کیں ، کالج کی لیکچرار سمیت طالبات نے سیمینار میں بھرپور حصہ لیا۔آخر میں تقریب کا اختتام قومی ترانے سے کیاگیا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button