کھیوڑہ شہر کو مالکانہ حقوق دئیے جائیں ہماری آبادی مزدور طبقے پر مشتمل ہے۔ باصر کھوکھر، فیصل عباس، سلیم اصغر

0

کھیوڑہ: شہر کو مالکانہ حقوق دئیے جائیں، ہماری آبادی مزدور طبقے پر مشتمل ہے، شہریوں پر نیا پراپرٹی ٹیکس لگانا شہریوں کے ساتھ سراسر زیادتی ہے، شہریوں کو صفائی ٹیکس کی بجائے جائیداد سرٹیفکیٹ دیا جائے تاکہ شہری کسی بھی سرکاری سطح پر ضمانت دیں سکیں، سیاسی و سماجی رہنما۔ اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان احمد فراز نے شہریوں کو یقین دلایا کہ انشاء اللہ کھیوڑہ کے شہریوں پر کسی قسم کا اضافی پراپرٹی ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق کھیوڑہ شہر میں پراپرٹی پر نیا ٹیکس لگانے پررہنما پی ٹی آئی ملک باصر کھوکھر سابق چیئرمین ملک فیصل عباس اور مزدور لیڈر ملک سلیم اصغر نے اعتراضات اٹھائے تھے جس پر میونسپل کمیٹی کھیوڑہ میں اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان احمد فراز کی سربراہی میں میٹنگ ہوئی۔

میٹنگ کے دوران رہنما پی ٹی آئی ملک باصر کھوکھر سابق چیئرمین ملک فیصل عباس مزدور لیڈر ملک سلیم اصغر نے اعتراضات اٹھائے کہ کھیوڑہ شہر کی 75فیصدآبادی کو پی ایم ڈی سی نے پلاٹ الاٹ کیے تھے جس پر شہری رہائش پذیر ہیں مگر پی ایم ڈی سی نے شہریوں کو ابھی تک ملکیتی لیٹر جاری نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ پلاٹ الاٹمنٹ کی ملکیت کا تنازعہ صوبائی گورنمنٹ اور پی ایم ڈی سی کے درمیان عدالت میں کیس چل رہا ہے جب تک ہمارے شہریوں کو مالکانہ حقوق ملکر باضابطہ طور پر جائیداد سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جاتا تب تک ہم کسی بھی قسم کے اضافی پراپرٹی ٹیکس کے متحمل نہیں ہو سکتے اس سے قبل میونسپل کمیٹی کی طرف سے پہلے جائیداد سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا تھا جائیدار سرٹیفکیٹ پر شہری کسی بھی مسئلے یا سرکاری اداروں میں ضمانت کے طور پر استعمال کر سکتے تھے مگر پھر جائیداد سرٹیفکیٹ کی بجائے ایم سی کی طرف سے صفائی ٹیکس کی رسید جاری کر دی صفائی ٹیکس کی رسید پر شہری کسی قسم کی ضمانت نہیں اٹھا سکتے۔

اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان احمد فراز نے یقین دلایا کہ جن شہریوں کی جگہ رجسٹری یا فرد پر مشتمل ہے ان پر نئے پراپرٹی ٹیکس لگائیں گے اور باقی آبادی جن کے پاس ملکیتی سرٹیفیکٹ نہیں ان پر کسی قسم کا پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.