وزیراعظم نے فواد چوہدری کی درخواست پر پنڈدادنخان میں پاسپورٹ آفس کے قیام کی منظوری دے دی

0

پنڈدادنخان (شہباز بٹ+ مدثر ملک) وزیراعظم نے وفاقی وزیر اطلاعات کی درخواست پر پنڈدادنخان میں پاسپورٹ آفس کے قیام کی منظوری دے دی، وزارت داخلہ کو احکامات جاری کر دئیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے تحصیل پنڈدادنخان کی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ منتخب ہونے کے بعد پنڈدادنخان میں پاسپورٹ آفس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

انہوں نے اپنے وعدہ کی تکمیل اور عوامی مشکلات میں کمی کے لیے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے پنڈادنخان میں پاسپورٹ آفس کے قیام کی درخواست کی وفاقی وزیر اطلاعات کی درخواست پر وزیر اعظم نے پنڈدادنخان میں پاسپورٹ آفس کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے وزارت داخلہ کو تحریری طور پر پنڈدادنخان میں پاسپورٹ آفس کھولنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔

واضح رہے کہ تحصیل پنڈدادنخان کے دور دراز کے علاقوں سے لوگوں کو پاسپورٹ بنوانے کے لیے علی الصبح اٹھ کر طویل مسافت اور ہزاروں روپے اخراجات کے بعد پاسپورٹ کے حصول کے لیے جہلم پہنچنا پڑتا تھا سسٹم میں خرابی کی صورت میں لوگوں کو کئی کئی روز تک بار بار چکر لگانے پڑتے تھے۔

تحصیل پنڈدادنخان کے باسیوں نے ایک اور وعدہ ایفاء کرنے پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا شکریہ ادا کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.