جہلم

جہلم میں تجاوزات کا سلسلہ ختم نہ ہو سکا، دکانداروں نے بلا خوف سڑکوں پر قبضے جمالئے

جہلم: شہر و گردونواح میں تجاوزات کا سلسلہ ختم نہ ہو سکا، دکانداروں نے بلا خوف سڑکوں پر قبضے جمالئے ، دکانوں کے باہر سڑکوں کو کرایوں پر چڑھا دیا ، میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کے ذمہ داران کی آنکھوں پر چمک کی پٹی ،تجاوزات کے باعث بے ہنگم ٹریفک جام رہنا معمول بن گئی ، شہریوں میں لڑائی جھگڑے روز کا معمول بن گئے ، شہریوں کا وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر و گردونواح میں ناجائز تجاوزات کی بھرمار ہو چکی ہے دکانداروں نے سڑکوں فٹ پاتھوں پر قبضے جما رکھے ہیں ، شہر بھر کی سڑکوں پر پرائیویٹ ہسپتالوں ، کلینکس، نجی تعلیمی اداروں اور دکانداروں نے خود ساختہ پارکنگ سٹینڈز قائم کرکے سڑکیں بلاک کر رکھی ہیں ، میونسپل کمیٹی کا شعبہ انکروچمنٹ کے افسران و اہلکار وں نے ریڑھی بانوں سے بھتہ وصولی کے عوض سڑکیں بلاک کرنے کا ٹھیکہ دے رکھا ہے اور متعلقہ ذمہ داران خواب خرگوش کے مزے لوٹنے میں مصروف ہیں۔

پرائیویٹ کلینکس و دیگر دکانداروں نے سڑکوں کے اطراف خود ساختہ پارکنگ قائم کر رکھی ہے جس کی وجہ سے چھوٹی بڑی گاڑیوں سمیت ایمبولنسسز وغیرہ کو ہنگامی حالات میں سڑکوں میں سے گزرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتاہے بلکہ قائم کی گئی غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات سمیت ریڑھی بان شہریوں کے ساتھ دنگا فساد کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔

شہر کی مختلف سڑکوں سول لائن روڈ، مشین محلہ روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ، کچہری روڈ، میجر اکرم شہید روڈ، روہتاس روڈ،کالا گجراں روڈ، کمیلا روڈ، کریم پورہ روڈسمیت دیگر سڑکوں پر دکانداروں نے قبضے کرکے سڑکوں کو پارکنگ ایریامیں تبدیل کر رکھا ہے ، بازاروں میں خریداری کے لئے آنے والی خواتین سکولوں کالجوں کی طالبات سمیت معمر شہریوں اور بچوں کا پیدل گزرنا محال ہوچکاہے ، سروے میں شہری ناجائز تجاوزات کی وجہ سے آنے والی مشکلات پر پھٹ پڑے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں چھٹی کے وقت بچوں کو سکول سے گھرلیجانے میں طویل دورانیے تک ٹریفک بلاک ہونے کی وجہ سے رکنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں ڈپٹی کمشنر نے اپنی تعیناتی کے دوران جہلم شہر میں ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لئے متعدد آپریشن کروائے جس سے شہرکی خوبصورتی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ حادثات میں کمی واقع ہوئی اور شہریوں کو ٹریفک کے معاملے میں آسانیاں پیدا ہوئیں مگر موجودہ انتظامیہ نے سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ناکام بنانے کے لئے جان بوجھ کر سڑکوں پر تجاوزات اور خود ساختہ پارکنگ کروارکھی ہے ۔ جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔

شہر کی عوامی ، سماجی ، رفاعی ، فلاحی تنظیموں کے عمائدین سمیت شہری حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنرراولپنڈی ، ڈپٹی کمشنر جہلم سے ناجائز تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن کروانے کامطالبہ کیا ہے تاکہ شہر کی سڑکوں پر قائم ہونے والی تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ کے خاتمہ سے شہریوں کو آمدورفت میں آسانی پیدا ہوسکے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button