جہلم

ضلع جہلم کے مختلف علاقوں میں عوام بجلی کی بد ترین لوڈشیڈنگ سے بلبلا اٹھے

جہلم: ضلع جہلم کے مختلف علاقوں میں عوام بد ترین لوڈشیڈنگ سے بلبلا اٹھے،مسلسل بد ترین لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کر دیا،معمر بزرگ،شیرخواربچے سابق حکمرانوں کے جھوٹے دلاسوں کی بھینٹ چڑھنے لگے۔سابق حکمرانوں نے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے جھوٹے بلند و بانگ دعوے کئے نگران حکومت نے سابق حکمرانوں کے راز فاش کر دیئے۔

تفصیلا ت کے مطابق ضلع جہلم میں ہونے والی حالیہ لوڈشیڈنگ سے جہاں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تو دوسری جانب انتخابات کے معاملات بھی بری طرح متاثر ہورہے ہیں، ساون کے مہینے میں لوڈ شیڈنگ اور حبس کے باعث شہری اور سرکاری اداروں کے ملازمین شدید ذہنی کوفت میں مبتلا ہو رہے ہیں ، رات کی نیند اور دن کا چین غارت ہو کر رہ گیا ہے۔

اسی طرح انتخابات کے حوالے سے سیاسی جماعتوں سے وابستہ افراد کی جانب سے کی جانے کارنر میٹنگز و جلسے جلوس بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں ، شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سابق حکمرانوں نے اپنے عیبوں پر پردہ ڈالنے کے لئے بجلی کی ترسیل جاری رکھی جبکہ نگران حکومت نے چارج سنبھالتے ہی سابق حکمرانوں کے تمام راز افشاں کر دیئے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ نااہل حکمران مسلسل 5 سال قوم سے ڈھٹائی کے ساتھ ساتھ جھوٹ بولتے رہے شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیاہے کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے تاکہ بزرگ اور معصوم بچے حبس اور گرمی سے محفوظ رہ سکیں ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button