رورل ہیلتھ سنٹر دینہ کو ٹی ایچ کیو کا درجہ دلوانے کیلئے سمری وزیر اعلی پنجاب کو بھجوا دی ہے۔ سیف انور

0

دینہ: مخیر حضرات معاشرے کا اہم حصہ ہیں ان کے تعاون سے بہت سے ادارے چلتے ہیں ،رورل ہیلتھ سنٹر دینہ کو ٹی ایچ کیو کا درجہ دلوانے کے لئے سمری وزیر اعلی پنجاب کو بھجوا دی ہے تاکہ دینہ کی عوام کے صحت سے متعلقہ مسائل دور ہو سکیں۔

ان خیالات کا اظہار پیر کے روز ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے رورل ہیلتھ سنٹر دینہ میں مخیر حضرات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ آج کی تقریب کا اصل مقصد ان تمام لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جنہوں نے رورل ہیلتھ سنٹر دینہ میں عوام کی فلاح کے نیک کام میں حصہ لیا میں منیجنگ ڈائریکٹر ڈی مارٹ دینہ امجد محمود سیٹھی ،سماجی رہنما چوہدری محبوب حسین اور شکیل نظامی کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،کئی ضروری پروجیکٹ کے لئے گورنمنٹ کے پاس فنڈز نہیں ہوتے مخیر حضرات کی مدد سے وہ کام پایا تکمیل تک پہنچتے ہیں۔

اس موقع پر ایم پی اے راجہ یاور کمال نے کہا کہ میں مخیر حضرات کا شکر گزار ہوں جو رورل ہیلتھ سنٹر دینہ میں عوام کی سہولت کے لئے مدد گار ثابت ہوئے ہیں امید کرتے ہیں کے یہ لوگ آئندہ بھی عوام کی خدمت کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ،میں بہت جلد وزیر اعلی پنجاب سے دینہ ٹی ایچ کیو ہسپتال کے لئے بات کروں گا۔

اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان مخیر حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اپنے فنڈز سے ہسپتال کے مسائل کو حل کیا ، تقریب میں ڈپٹی کمشنرجہلم محمد سیف انور جپہ نے منیجنگ ڈائریکٹر ڈی مارٹ دینہ امجد محمود سیٹھی ،سماجی رہنما چوہدری محبوب اور شکیل نظامی کو تعریفی اسناد بھی پیش کیں۔

تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر دینہ محبوب شہزاد، چوہدری فوق شیر باز ،چوہدری انور ہڈالی ،چوہدری ضمیر ،مسکین شاہ اور ڈاکٹرز حضرات سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور آخر میں ڈپٹی کمشنر جہلم نے ایکسرے مشین روم کا افتتاح بھی کیا ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.