میونسپل کمیٹی جہلم کے علاقہ مخدوم آباد میں پچھلے کئی ماہ سے پانی کی فراہمی بند، علاقہ مکین سراپا احتجاج

0

جہلم: میونسپل کمیٹی کے علاقہ مخدوم آباد میں پچھلے کئی ماہ سے پانی کی فراہمی بند،میونسپل کمیٹی کے شعبہ پبلک ہیلتھ نے شکایات کے باوجود بحالی کے اقدامات نہیں کیے، علاقہ مکین سراپااحتجاج ، ڈپٹی کمشنر ،ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی کے علاقہ مخدوم آباد میں پچھلے کئی ماہ سے نامعلوم وجوہات کی بناء پر ٹیوب ویل بند پڑا ہے جبکہ ٹیوب ویل آپریٹر کو کہیں اور تبدیل کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے پانی کی سپلائی پچھلے کئی ماہ سے بند ہو چکی ہے میونسپل کمیٹی کے شعبہ پبلک ہیلتھ نے علاقہ مکینوں کی شکایات کے باوجودکسی قسم کی دلچسپی نہیں لی جس کیوجہ سے علاقہ مکین پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔

اس حوالے سے علاقہ مکینوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مخدوم آباد برلب جی ٹی روڈ ہونے کے باوجود پانی جیسی نعمت سے محروم ہے ، مخدوم آباد کے رہائشیوں نے بتایا کہ متعدد مرتبہ میونسپل کمیٹی کے شعبہ پبلک ہیلتھ میں تحریری یا زبانی طور پر مطلع کر چکے ہیں لیکن انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔

علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر ، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیاہے کہ میونسپل کمیٹی کے علاقہ مخدوم آباد میں ٹیوب ویل کو چالو کیا جائے تاکہ علاقہ مکینوں کی شکایات کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.