جہلم

حلقہ پی پی 27 عمران خان اور فواد چوہدری کے دیوانوں کا حلقہ ہے۔ چوہدری فرخ الطاف

جہلم: صوبائی حلقہ پی پی 27 عمران خان اور فواد چوہدری کے دیوانوں کا حلقہ ہے جہاں سے پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے ہمارے اس دعوے کو دوبارہ سچ ثابت کرے گی ، تحریک انصاف کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والی فیکٹریاں ضمنی انتخاب کے بعد دوبارہ خسارے کی صورت میں بند ہوجائیں گی ، جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے پسماندہ علاقوں کو ن لیگ کے سابق منتخب ممبران نے محرومیوں کے علاوہ کچھ نہیں دیا ،اپنے محلات بنائے اور منصوبوں میں سے کمیشنز وصول کیں مگر اب ایسا نہیں ہوگا، حلقہ کے عوام کی محبتوں کا جواب ان کی خدمت کرکے دیا جائیگا۔

ان خیالات کااظہار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف نے جہلم کے صوبائی حلقہ پی پی 27 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے بارے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اقتدار نہ ہونے کے باوجود ضلع جہلم کے غیور عوام سے اپنا رشتہ قائم کئے رکھا اور حلقہ کے مسائل کے حل کے لئے جدوجہدجاری رکھی اور ان کی خدمت کو اپنا شیوابنایا یہی وجہ ہے کہ آج عوام کی محبتوں کا سمندر ہمارے ساتھ موجود ہے انہوں نے کہا کہ ہماری منزل کبھی بھی اقتدار اور کرسی نہیں رہی بلکہ ہم بابائے قوم محمد علی جناح کے اس ملک کی خدمت کے مشن کو کامیاب کرنا چاہتے ہیں اور یہی ہمارا ایجنڈا ہے۔

چوہدری فرخ الطاف نے کہاکہ ضلع جہلم کو ماضی کے حکمرانوں نے مسلسل نظر انداز کیا اور یہاں کے عوام آج بھی بنیادی سہولیات کو ترس رہے ہیں اب ایسا نہیں ہونے دیا جائیگا، عوام نے حالیہ انتخابات میں بدعنوان اور اقتدار کی ہوس میں ملوث سیاست دانوں کو مسترد کرکے ثابت کر دیاہے کہ نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے جہاں عوام کو اپنے حقوق کے لئے کھڑا ہونا آچکا ہے اور یہی عمران خان کی طویل جدوجہد کا نتیجہ ہے،پی پی27 عمران خان اور چوہدری فواد حسین کے چاہنے والوں کا حلقہ ہے اور آنے والے ضمنی انتخابات میں ایک مرتبہ دوبارہ یہ دعویٰ سچ ثابت ہوگا۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے غیور کارکنوں کو ہدایات کی کہ وہ ضمنی انتخاب میں پارٹی کے نامزد امیدوارکے لئے بھرپور مہم چلائیں اورریکارڈ کامیابی حاصل کرکے پی پی 27 کی نشست دوبارہ عمران خان کو تحفے کے طور پر پیش کریں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button