جہلماہم خبریں

محرم الحرام؛ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ہم سب کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ آصف محمود

جہلم: وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے سیاحت آصف محمود نے کہا ہے کہ وزیر اعلی کی خصوصی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران ضلع جہلم میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کی ذمہ داری دی گئی ہے، امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ہم سب کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے، امید کرتا ہوں کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی محرم الحرام پورے امن وامان سے گزرے گا۔

یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر کے ہمراہ محرم الحرام میں امن و امان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عمر افتخار شیرازی، کرنل عدنان، امن کمیٹی کے ممبران سمیت تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مجالس، جلوسوں کے سیکیورٹی انتظامات کیلئے مربوط حکمت عملی سے فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے جبکہ محرم الحرام کے جلوسوں،مجالس کی سیکیورٹی و سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔

مشیر وزیر اعلیٰ آصف محمود نے کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں محرم الحرام کے حوالے سے تمام متعلقہ محکمے اپنے انتظامات مکمل کریں حساس مقامات کے حوالے سے معاملات کو حل کیا جائے، کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ جلوسوں کے راستوں میں صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات ہونے چاہئیں۔

آصف محمود نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ جہلم بہت اچھے طریقے سے کام کر رہی ہے، ہمیں ایسے موقعوں پر پولیس، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، جنہوں نے ملک کی امن و سلامتی کے لیے بہت سی قربانیاں دی ہیں۔

اجلاس کے اختتام پر ملک میں امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ بعد ازاں آصف محمود نے عاشورہ کے مرکزی جلوس روٹس کا دورہ کیا اور سیکیورٹی کنٹرول روم میں انتظامات کو چیک کیا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button