ضمنی الیکشن حلقہ پی پی 27؛ ن اور جنون کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع، پولنگ 14 اکتوبر کو ہو گی

0

پنڈدادنخان: حلقہ پی پی 27 کے ضمنی الیکشن میں ن اور جنون کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوگا، 14اکتوبر 2018 کو پولنگ ہوگی، تحریک لبیک کے امیدوار شہزاد بھی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

حلقہ پی پی 27کی نشست وفاقی وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین نے جنرل الیکشن میں صوبائی اسمبلی کا الیکشن جیتنے کے بعد چھوڑی تھی اس پر 14اکتوبر 2018بروز اتوار ضمنی الیکشن ہو رہا ہے جس میں مسلم لیگ ن کے امیدوار حاجی ناصر للٰہ نے جو جنرل الیکشن میں بھی مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر تھے اور ان کو چوہدری فواد حسین سے شکست ہوئی۔

چوہدری فواد حسین کی جانب سے خالی کی گئی حلقہ پی پی 27 کی سیٹ پر دوبارہ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کی حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں ان کے مد مقابل پی ٹی آئی کے امیدوار راجہ شاہنواز ہیں جو جنرل الیکشن میں حلقہ پی پی 27سے فیورٹ قرار دیے جارہے تھے مگر پارٹی کا فیصلہ ان کے حق میں نہ ہوا اور ان کی بجائے چوہدری فواد کو پی پی 27کا ٹکٹ دسے دیا گیا۔

راجہ شاہنواز نے پارٹی فیصلے کا احترام کرتے ہوئے چوہدری فواد کی الیکشن میں بھر پور سپورٹ کی حتیٰ کہ چوہدری فواد کی پی پی 27سے فتح میں بنیادی کردار راجہ شاہنواز کا ہی تھا، مگر جنرل الیکشن میں مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے چوہدری نذر گوندل نے چوہدری فواد کی سپورٹ کی مگر اب صورتحال تبدیل ہو چکی ہے۔

نذر گوندل اپنی جماعت مسلم لیگ ن کے امیدوار حاجی ناصر للٰہ کی حمایت کررہے ہیں ،جس کا نقصان راجہ شاہنواز کو ہوگا،اسی طرح جنرل الیکشن میں پاکستان تحریک لبیک کے امیدوار ملک شوکت حیات آف النگ جنہیں اس بار ٹکٹ نہیں ملا وہ بھی مسلم لیگ ن کے امیدوار حاجی ناصر للٰہ کو سپورٹ کررہے ہیں اس کی وجہ سے اب ضمنی الیکشن میں حاجی ناصر للٰہ کی پوزیشن بہتر ہو چکی ہے۔

ادھر سابق امیدوار صوبائی اسمبلی و سابق تحصیل ناظم چوہدری عابد اشرف جوتانہ اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے راجہ شاہ نواز کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

عوامی رائے اور زمینی حقائق سے نظر آرہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں میں سنسنی خیز مقابلہ ہوگا،جیت کسی کا بھی مقدر بن سکتی ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.