پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے قوم کیساتھ وہ کیا جو قصائی بکروں سے کرتا ہے، فواد چوہدری

ضلع جہلم کی تعمیرو ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔ وزیر اطلاعات و نشریات

0

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ نے قوم سے وہی سلوک کیا جو قصائی بکروں کے ساتھ کرتا ہے۔

معلومات تک رسائی کے حق کے وفاقی قانون پر عمل درآمد کے لیے فیڈرل انفارمیشن کمیشن کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اطلاعات تک رسائی کا قانون وفاق میں بھی نافذ ہو گیا ہے، سرکاری خبررساں ایجنسی عالمی معیار کی طرح بنائی جائے گی، وزیراعظم عمران خان کی ویژن کے مطابق یہ قانون نافذ کیا گیا، کرپشن کے خاتمے کے لیے وسل بلور ایکٹ آرہا ہے اور کرپشن کی نشاندہی کرنے والے کو 20 فیصد ملے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ماضی میں اربوں روپے کی کرپشن کی گئی، جس کا حساب دینا پڑے گا، پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کی وجہ سے ادارے کمزور ہیں، پی آئی اے اور پاکستان اسٹیل مل کا 552 ارب روپے کا خسارہ ہے، اس طرح سے ادارے چلانے اور حکومتیں کرنے سے ریاستوں کو خطرہ ہوجاتا ہے، اللہ کا شکر ہے ان سے جان چھوٹ گئی اور اب یہ قصہ پارینہ ہیں تاہم انہوں نے قوم سے وہی سلوک کیا جو قصائی بکروں کے ساتھ کرتا ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم سے پوچھا جارہا ہے کہ 100 روز میں کیا کیا، تحریک انصاف نے جو اقدامات اٹھائے وہ مثالی ہیں، بیرون ممالک دورے پر عمران خان اپنے بچوں کے اکاؤنٹس کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے بچوں کے اکاؤنٹس کے لیے پیسے مانگ رہے ہیں، جب احتساب کی بات کرتے ہیں تو ان لوگوں کے پسینے چھوٹتے ہیں تاہم جتنی شفافیت ہوگی اتنی کرپشن کم ہوگی۔

اس سے قبل وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے جہلم پریس کلب کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہلم کی تعمیرو ترقی کے لیے کوشاں ہیں، ہرن پورتا دینہ جلد سوئی گیس کا منصوبہ شروع ہو گا، اگلے سال للہ تا جہلم ڈبل روڈ کی تعمیر شروع ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر آباد تا راولپنڈی جی ٹی روڈ کو اپ گریڈ کیا، جہلم اسٹیڈیم میں جلد فرسٹ کلاس کرکٹ شروع ہو گی، پنڈ دادنخان میں سپورٹس سٹیڈیم بنے گا، بلال ٹاؤن ٹینکی والے گراؤنڈ کو اپ گریڈ کریں گے، پنڈ دادنخان میں جلد کالج بنے گا،پارکس بنائے جائیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.