جہلم

جہلم میں شاپر بیگ نہ دینے پر بگڑے چوہدریوں نے خاتوں دکاندار کو وحشیانہ تشدد کانشانہ بنا ڈالا

جہلم: تھانہ صدر کے علاقہ اعوانہ میں چوہدراہٹ کانشہ ،شاپر بیگ نہ دینے پر بگڑے چوہدریوں نے خاتوں دکاندار کو وحشیانہ تشدد کانشانہ بناڈالا، پولیس نے مقدمہ درج کے نامزد ملزمان کوگرفتار کرکے تفتیش شروع کردی۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر کے علاقہ اعوانہ کی رہائشی شمیم اختر ذوجہ شاہنواز نے تھانہ صدر درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ گاؤں میں ایک چھوٹی سی دکان بنا رکھی ہے ،جس سے حاصل ہونے والی آمدنی سے گھر کا چولہا جلاتے ہیں ، گزشتہ روز محمد وسیم ولد ٹھیکیدار محمد اشرف ہماری دکان پر آیا اور بسکٹ وغیرہ مانگے جو ہم نے اسے دے دیئے۔

خاتون نے بتایا کہ اس نے شاپر بیگ میں چیزیں ڈال کر دینے کا کہا تو ہم نے اسے بتایا کہ حکومت نے شاپر بیگ فروخت کرنے پر پابندی عائد کررکھی ہے ، جس پر وہ بحث کرنے لگا اور گالی گلوچ شروع کر دی ، میرے خاوند نے اسے گالیاں دینے سے منع کیا تو اس نے ہمارے ساتھ لڑائی جھگڑا شروع کر دیا اور مجھے تھپڑ مارتے ہوئے باہر نالی میں گرا دیا۔

اسی اثناء میں چوہدری ندیم اشرف ، چوہدری نعیم اشرف پسران چوہدری محمد اشرف ولد چوہدری محمد سلیم ، چوہدری ہارون سرور ولدچوہدری محمد سرور قوم گجر سکنہ اعوانہ ڈنڈے اٹھائے ہوئے آگئے ، اسی دوران میرے بیٹے طاہر نواز ، عامرنواز اور میرے خاوند نے مجھے چھڑانے کی کوشش کی تو نامزد افراد نے ہمیں گلی میں نیچے گرا کر ڈنڈوں ، لاتوں ، مکوں ، ٹھڈوں سے مارنا پیٹنا اور غلیظ گالیاں نکالناشروع کر دیں۔

اسی دوران میرے بائیں کان کا کانٹا بھی اتر کر گر گیا اور انہیں میں سے کسی ایک نے اٹھا لیا ہے ، شور واویلہ کرنے پر گاؤں کے لوگ جمع ہو گئے ، جنہوں نے بڑی مشکل سے ہماری جان چھڑائی ، جس پر پولیس تھانہ صدر کے تفتیشی افسر نے زیر دفعہ 354 ت پ ، 506 ت پ، 179 ت پ ، 147 ت پ ، 149 ت پ کے تحت مقدمہ درج کرکے نامزد ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ۔

شہریوں نے تھانہ صدر پولیس کی بروقت کارروائی پر ایس ایچ او تھانہ صدر ظہیر الدین بابر ، انچارج پولیس چوکی کالا گجراں مطلوب حسین ندیم کو خراج تحسین پیش کیاہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button