دینہ

پرائمری سکول ہڈالہ سکول کے سامنے کی سڑک چھپڑ میں تبدیل، بچوں کو مشکلات کا سامنا

دینہ: گورنمنٹ پرائمری سکول ہڈالہ سکول کے بچوں کوشدید مشکلات کا سامنا ،سکول کے سامنے روڈ اور اس کے ساتھ گندے نالوں کا پانی چھپڑ کی شکل اختیار کر گیا ،کم سن بچے نالوں کے گندے پانی سے گزر کر سکول جاتے ہیں ،یونیفارم خراب ،جوتے کیچڑ سے اٹے ،انتظامیہ بے بس،بار بار نوٹس کے باوجود سرکاری سکول ہونے کی وجہ سے غریب غرباء کے بچے ذلیل و خوار ،ڈپٹی کمشنر جہلم سے ا ز خود دورہ کر کے نوٹس کا مطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق منگلا روڈ پر موجود گورنمنٹ پرائمری سکول ہڈالہ کے کمسن بچے اس وقت شدید اضطراب سے گزر رہے ہیں ،سکول کے سامنے روڈ اور اس کے ملحقہ ایریا میں گندے نالوں کا پانی نکاسی آب نہ ہونے کی وجہ سے باہر نکل کر روڈ پر جمع ہو رہا ہے جس کی وجہ سے کم سن بچوں کو سکول داخل ہونے سے قبل گندے پانی سے گزرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے ان کے یونیفارم اور جوتے کیچڑ سے اٹ جاتے ہیں ،کئی بار بچے گندے پانی میں گر کر زخمی ہو چکے ہیں ۔

ہڈالہ سیداں گاؤں کا سارا پانی نکاسی آب نہ ہونے کی وجہ سے روڈ کے اوپر سکول کے سامنے جمع ہو جاتا ہے ،بلدیہ دینہ کو بارہا نوٹس کے باوجود اس مسئلہ کا کوئی حل نہیں نکالا گیا بلکہ ان کی طرف سے چشم پو شی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے کیونکہ اس سکول میں غریب غرباء کے بچے پڑھتے ہیں اگر کسی امیر یا سرکاری افسر کا بچہ زیر تعلیم ہوتا تو کب کا نوٹس ہو چکا ہوتا۔

اہلیان علاقہ نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ آپ از خود گورنمنٹ پرائمری سکول ہڈالہ کے کم سن بچوں کے اس مسئلہ کا فوری نوٹس لیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button