جہلم

سول ہسپتال کی کینٹین پر ناقص و غیر معیاری اشیاء کی مہنگے داموں فروخت، انتظامیہ خاموش

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم کی کینٹین پر ناقص و غیر معیاری اشیاء کی فروخت جاری ، ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نام کی 2 نمبر اشیاء خوردونوش سرعام فروخت کی جارہی ہیں۔ صفائی کا انتظام نہ ہونے کے برابر ، کینٹین سے مہنگے داموں کھانا کھانے والے شہری بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ، مریضوں اور ان کے لواحقین کا وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لے کر کاروائی کرنے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی کینٹین پر سرعام ناقص وغیر معیاری کھانے پینے کی اشیاء مقررہ نرخوں کی بجائے مہنگے داموں فروخت کی جانے لگیں ۔ بااثر کینٹین مالک نے راتوں رات کروڑ پتی بننے کی خاطر ناقص و مضر صحت پانی سمیت بسکٹس ، کیکس، چاکلیٹس، وغیرہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ناموں سے ملتی جلتی دو نمبر اشیاء مہنگے داموں فروخت کرنی شروع کر رکھی ہیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ سول ہسپتال کی کینٹین پر کام کرنے والا کاریگر خود کئی بیماریوں میں مبتلا نظر آتا ہے ، جو کھانا اور روٹیاں تیار کرتے وقت سیگریٹ کے کش لگا کر کام کرنے کو ترجیح دیتا ہے ، جبکہ کچن اور ہال میں گند ہی گند نظر آتا ہے صفائی کا انتظام نہ ہونے پر مریضوں اور ان کے لواحقین کھانا کھا کر خطر ناک موذی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں اس کے علاوہ تمام اشیاء مارکیٹ نرخوں سے کئی گنا اضافی نرخوں پر فروخت کی جارہی ہیں ۔

مریضوں اور ان کے لواحقین نے وزیراعلیٰ پنجاب ، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری ہیلتھ ، کمشنر راولپنڈی ، ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیاہے کہ ناقص و مضر صحت اشیاء خوردونوش مہنگے داموں فروخت کرنے والے کینٹین ٹھیکیدار کا ٹھیکہ منسوخ کرکے فرض شناس ایماندار ٹھیکیدار کو کینٹین کا ٹھیکہ دیا جائے ، جوکہ حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق میعاری اشیاء خوردونوش مقررہ نرخوں پر فروخت کرنے کا پابند ہو۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button