جہلم

عیدالاضحیٰ سے قبل گداگروں کی یلغار، شہریوں کو بھیک کے نام پریشان کر کے رکھ دیا

جہلم: عیدالاضحیٰ سے قبل گداگروں کی یلغار ، شہریوں کو بھیک کے نام پریشان کر کے رکھ دیا، گداگروں میں زیادہ تعداد خوبصورت بھکارنوں کی ہے جو حلیہ سے دوسرے اضلاع بالخصوص لاہور، ملتان، ڈیرہ غازی خان کے علاقوں کی معلوم ہوتی ہیں۔

بھکارنیں شہر کے بازاروں ، لاری اڈہ ، سول ہسپتال سمیت پبلک مقامات پر شہریوں کا پیچھا کر کے زبردستی بھیک کا مطالبہ کرتی ہیں جبکہ کم سن بچوں کو جعلی معزور بنا کر یا زخمی ظاہر کر کے اہم مقامات پر بٹھادیتی ہیں، ان دنوں بھکاریوں کی بڑی تعداد نے شہر کے مین بازار، لاری اڈا ریلوے روڈ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال، ضلع کچہری کا رخ کررکھا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کے لئے گھروں میں آرام کرنا، مسجدوں سے نکلنا، شاپنگ کرنا اور پیدل چلنا عذاب بن کر رہ گیا ہے۔

شہر بھر کی چھوٹی بڑی گلیوں، سڑکوں، چوراہوں، مسجدوں، ہسپتالوں، مارکیٹوں بس اسٹینڈز پر بھکارنوں کے گھیراؤ کی وجہ سے شہری اور راہگیر شدید ذہنی اذیت کا شکار نظر آتے ہیں مگرٹریفک پولیس سمیت دیگر ادارے بھکارنوں اور بھکاریوں کے سدباب کے لئے اقدامات کی بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب گداگری ایکٹ موجود ہونے کے باوجود اس پر بھی کہیں عملدارآمد نظر نہیں آتا ،مختلف واقعات میں سامنے آیا ہے کہ یہ بھکارنیں اغواء ،چوری ، ڈکیتی، و دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہوتی ہیں اور شاپنگ کے لئے مارکیٹوں کا رخ کرنے یا پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرنے والی خواتین کے موبائل فون ، طلائی زیورات ا ور پرس اڑا کر رفو چکر ہو جاتی ہیں۔

شہر پر دھاوا بولنے والی گدا گر خواتین میں کمسن بچیوں اور نوعمر لڑکیوں کے علاوہ نوجوان خوبروہ لڑکیاں اور عمر رسیدہ خواتین بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے مانگنے کے نت نئے طریقے ایجاد کر رکھے ہیں خواتین کی اکثریت شیر خوار بچوں کو گود میں اٹھا کر بچوں کی کئی روز کی بھوک یا مہلک مرض میں مبتلا ہونے کا حوالہ دے کر اور دیگر مختلف حربے استعمال کرتی اور بھیک وصول کئے بغیر پیچھا نہیں چھوڑتیں۔

شہریوں نے ڈی پی او جہلم سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button