پنڈدادنخاناہم خبریں

رمضان المبارک میں عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ سیکرٹری علی طاہر

پنڈدادنخان: سیکرٹری مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب علی طاہر نے تحصیل پنڈدادنخان کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے سستا رمضان بازار پنڈدادنخان، رمضان بازار کھیوڑہ، اراضی ریکارڈ سنٹر، گندم خریداری مرکز اور ٹی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا۔

سیکرٹری علی طاہر نے اراضی ریکارڈ سنٹر کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے وہاں پر موجود تمام کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور سنٹر میں موجود عوام کے مسائل بھی سنے۔ سائلین نے سنٹر کی انتظامیہ کی جانب سے مثبت رویے کا اظہار کیا۔ علی طاہر نے سائلین کی جانب سے خدمات کی فراہمی کے مثبت ردعمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے سنٹرز میں انتظامات کو مزید بہتر بنانے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں اور مستقبل میں واضح تبدیلی نظر آئے گی۔ اس کے علاوہ سیکرٹری علی طاہر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈ دادنخان کے تمام شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں پر مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مریضوں کے علاج و معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے اور اس ضمن میں غفلت کے مرتکب اہلکار کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کے علاج و معالجے کے لیے حکومت پنجاب تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے گندم خریداری مرکز پنڈ دادنخان کا بھی دورہ کیا اور باردانہ فراہمی ریکارڈ سمیت دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

بعد ازاں سیکرٹری علی طاہر نے سستا رمضان بازار پنڈ دادنخان اور کھیوڑہ کا دورہ کیا وہاں پر اشیاء ضروریہ کے سٹال کے علاوہ ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس، سستی چینی و سستا آٹا سٹال کا خصوصی طور پر معائنہ کیا اور اشیاء کی مقدار و معیار کو چیک کیا۔

سیکرٹری علی طاہر نے کہا کہ رمضان المبارک میں عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران متحرک انداز میں اپنے فرائض سر انجام دیں۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت کی کہ قیمتوں کے ساتھ ساتھ اشیاء کے معیار، طلب اور رسد پر بھی کڑی نظر رکھی جائے، اشیاء کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں آٹا، چینی سمیت ہر شے وافر مقدار میں دستیاب ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں ماسک پہننے، سماجی فاصلہ رکھنے سمیت کورونا وائرس سے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دورے کا مقصد انتظامات کے ساتھ ساتھ مہیا کی جانے والی سہولیات کو مزید بہتر بنانا ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button