ملک بھر کی طرح جہلم میں بھی 72واں یوم آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

0

جہلم: جشن یوم آزادی پاکستان کی72 سالہ تقریبات قومی جوش و جذبہ اور پر عزم طریقے سے منانے کے حوالہ سے ڈسٹرکٹ کونسل ہال جہلم میں قومی پرچم کشائی اور رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمانان خصوصی ڈپٹی کمشنرجہلم محمد سیف انور جپہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سید حماد عابد، سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر وقار احمد، ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف تھے ۔

پروگرام کے مطابق صبح 8:57پر سائرن بجائے گئے ، 8:58 پر پولیس اور ریسکیو1122کے دستوں نے سبزہلالی پرچم کو سلامی پیش کی گئی مہمانان نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم کی پرچم کشائی کی۔اس موقع پر پاکستان کی تعمیرو ترقی، خوشحالی، سلامتی اور استحکام سمیت کشمیریوں کی آزادی کے لئے دعائیں بھی مانگی گئی۔

یوم آزادی کی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میثم عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید نذارت علی، اے سی جہلم فیضان احمد، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال، سی ای او ایجوکیشن سید مظہر اقبال،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122 ڈاکٹر فیصل محمود، ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر فاروق بنگش،نمائندہ لائنز کلب عبدالغفوربٹ سمیت محکمہ جنگلات ،ماحولیات، سول ڈیفنس دیگرمختلف محکموں کے افسران، کارکنان پاکستان ، معززین شہر ، اساتذہ کرام،طلباء و طالبات اورسول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

بعد ازاں ضلع کونسل ہال میں ڈ پٹی کمشنرمحمد سیف انور جپہ، ڈی پی او کیپٹن (ر) سید حماد عابد،سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر وقار احمد اور ایم این اے چوہدری فرخ الطاف نے کہا کہ آج کے دن ہم ہر سال پاکستان کی آزادی کا دن مناتے ہیں ۔ کشمیر کے ساتھ ہمارامذہبی اور علاقائی الحاق ہے ۔کشمیر مسلمانوں کی اکثریت کی ریاست ہے ۔ انڈیا کی حکومت نے کشمیر پر جو ظلم و بربریت کا مظاہرہ کیا ہے پاکستان کی پوری قوم کشمیریوں پر مظالم کی پرزور مذمت کرتی ہے ، کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملک وقوم کی ترقی اور سلامتی کی خاطر جانوں کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور خون کے آخری قطرے تک ملک وقوم کی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے ۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔

پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ،ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے کہاکہ 14اگست قیام پاکستان کا دن ہے اور قوم اسی جذبہ اور عزم کے ساتھ قائد اور اقبال کے خوابوں کے حصول کیلئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کو درپیش مسائل اور چیلنجز کے حل کیلئے ضروری ہے کہ نوجوان نسل ایک متوازن سوچ کے ساتھ پاکستان کی تعمیر کرے اورحقیقت پسندی کے ساتھ قائد کے فرامین کو مشعل راہ بنا ئے ۔

ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف نے کہاکہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی امانت ہے اور ہمیں چاہئے کہ ہم قائد کے فرامین اور اقبال کے خیالات کی روشنی میں اپنے روشن مستقبل کیلئے کوششیں جاری رکھیں۔ پرچم کشائی کی تقریب کے بعد طلباء او ر طالبات نے ملی نغمے اور قومی ترانوں سے حاضرین کا خون گرمایا۔

اس موقع پر ڈی پی او کیپٹن (ر) سید حماد عابد نے طلبہ و طالبات کو کیش انعامات بھی دیے ۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ اور ڈی پی او کپٹن(ر) سید حماد عابد کی قیادت میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لئے ضلع کونسل ہال تا وائے کراس تک ریلی کا انعقاد کیا، جس میں مختلف تنظیموں کے عمائدین، سرکاری افسران، سول سوسائٹی، اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اسی طرح تحصیل سوہاوہ، دینہ اور پنڈ دادنخان میں مذکورہ اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں میں یوم آزادی پاکستان اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نام سے پر وقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا،جہلم کے غیور عوام نے سرکاری سطح پر منعقدہ چاروں تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور انتظامی اقدامات کو زبردست سراہا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.