حکومت نے ملک میں احتساب کی مضبوط بنیاد رکھنے کا وعدہ پورا کر دیا ہے، فواد چوہدری

زرداری اورنوازشریف کی جیل یاترا پی ٹی آئی کا اہم انتخابی وعدہ تھا، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی

0

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آج تمام بڑے چور اور ڈاکو جیل جا رہے ہیں، ماضی میں یہ ہی چور ایک دوسرے کے خلاف کیسز بنا کر ڈیل کرتے تھے۔ نواز شریف بھی مشرف کیساتھ ڈیل کرکے ملک سے باہر گئے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جعلی اکاؤنٹس کے تانے بانے بلاول ہاؤس سے ملتے ہیں، عمران خان نے اداروں کو کرپشن کیخلاف آگاہی دی ہے، ان لوگوں نے منی لانڈرنگ سے رقم باہر بھیجی، ملک کو لوٹنے والوں کی گرفتاریاں ہو رہی ہیں۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک میں احتساب کی مضبوط بنیاد رکھنے کا وعدہ پورا کردیا ہے، سابق وزیراعظم نواز شریف، سابق صدر آصف زرداری اور حمزہ شہباز آزاد عدلیہ کے احکامات پر گرفتار کرلئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گرفتاریاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی ہیں اور اس کے پیچھے کوئی سیاسی مقاصد کار فرما نہیں، کیسز پی ٹی آئی نے درج نہیں کئے تھے بلکہ پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ (ن) نے ایک دوسرے کے خلاف درج کئے تھے، عمران خان کی حکومت نے کرپٹ عناصر کا احتساب کرنے کیلئے محض اداروں کو ساز گار ماحول فراہم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف کی جیل یاترا پی ٹی آئی کے وعدوں کا اہم ترین باب ہے، دس سال میں اربوں کی ہیر پھیر کرنیوالے گروہوں کے سر غنہ جیل پہنچے، یہ معمولی بات نہیں، اگلا مرحلہ ریکوری کا ہونا چاہیے، ملک سے باہر ٹھکانے لگائی رقوم واپس ہوں۔
وزیر سائنس کا مزید کہنا تھا کہ آج کے دوست ماضی کے بدترین دشمن تھے۔ دونوں نے اپنے اپنے ادوار میں ایک دوسرے کیخلاف کیسز کا آغاز کیا، جب کہ انہیں کیسز کو ختم کرنے کیلئے ایک دوسے سے ڈیل بھی کیں مگر اب ملک کو لوٹنے والوں کی گرفتاریاں ہو رہی ہیں، آگاہی کی وجہ سے آج احتساب کا عمل جاری ہے، ن لیگ کے لوگ دلوں پر ہاتھ رکھ کر کہیں کیس جھوٹے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگی اور پی پی کارکنوں کا دل بھی ان کا ساتھ نہیں دے گا، یہ لوگوں کا پیسہ نکال کر اپنی جیبوں میں بھر رہے تھے، کس اخلاقی جواز پر کہہ رہے ہیں کہ سیاسی انتقام لیا جارہا ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ایک دوسرے پر کیسز بنائے۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کے خلاف احتساب کیلئے ایک سازگار ماحول دیا ہے، سسٹم کا احتساب جاری ہے اور آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز شریف نے 26 ملین ڈالر باہر بھیجے، پہلے پیسے باہر بھیجے گئے پھر واپس لائے گئے۔


اس سے قبل وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ آصف زرداری اورنوازشریف کی جیل یاترا پی ٹی آئی کے انتخابی وعدوں کا اہم ترین باب تھا، 10 سال میں اربوں روپے کی ہیر پھیر کرنیوالے گروہوں کے سرغنہ جیل پہنچے، یہ معمولی بات نہیں۔
وفاقی وزیرفواد چوہدری نے کہا کہ اب اگلا مرحلہ ریکوری کا ہونا چاہئے جہاں وہ رقوم جو ملک سے باہر ٹھکانے لگائیں گئیں وہ واپس ہوں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.