پنڈدادنخان

ضلع جہلم سے مسلم لیگ (ن) کا مکمل صفایہ کر دیا گیا ہے۔ چوہدری فیصل فرید

پنڈدادنخان: نواز شریف نے اداروں کے خلاف بات کر کے اپنی سیاسی قبر خود بنا لی ہے، پنجاب سے مسلم لیگ (ن) کی سیاست ختم ہوچکی ہے، ضلع جہلم سے مسلم لیگ (ن) کا مکمل صفایہ کر دیا گیا ہے۔
یہ بات ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب چوہدری فیصل فرید نے میونسپل کمیٹی پنڈدادنخان میں حلقے کے عوامی وفود سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ مثبت سیاست کی ہے، پرچے اور مقدمات کرانا ہمارا شیوا نہیں، ہماری مقبولیت سے مخالفین گھبرا چکے ہیں، انتظامیہ اپنی ناکامی اور کوتاہیاں چھپانے کے لیے تاجروں کے خلاف کارروائیاں بند کریں، تاجروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے، اگر کوئی افسر یا اہلکار عوام سے تعاون نہیں کرتا تو اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
چوہدری فیصل فرید نے کہا کہ عوام سے ہمارا ہر پل رابطہ ہے اور رہے گا، ہر ایکشن میں اور الیکشن کے بعد بھی عوام کے ساتھ ہیں،ہم تاجروں کی دوکانیں سیل کرنے کے سخت خلاف ہیں، تحصیل پنڈدادنخان کے مسائل حل کرنے کے لیے فوری طور پر 15کروڑ سے زائد رقم سے ترقیاتی منصوبے شروع کرا دئیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھیوڑہ کے لیے تین کروڑ روپے جبکہ پنڈدادنخان کے لیے مزید آٹھ کروڑ روپے کی گرانٹ جلد پہنچ جائے گی، علاقہ تھل کی پانچ یونین کونسلوں کی گلیوں اور نالیوں کے لیے خصوصی گرانٹ سے کام شروع کیا جارہا ہے، خوشاب سے جہلم تک ڈبل سڑک کے لیے 16ارب روپے جلد منظور ہوگئے ہیں۔
چوہدری فیصل فرید نے کہا کہ للِہ میں نکاسی آب کے لیے 40لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے، وہاں پر اگر عوام تعاون کریں تو پانچ سو فٹ پائپ سے نکاسی آب کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے، ڈھوک وینس سے پتھر ندی روڈ کی بھی منظوری ہوچکی ہے، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کی پوری کوشش ہے کہ تحصیل پنڈدادنخان کے مسائل بھی جلد از جلد مکمل ہوں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button