نبی پاکﷺ پوری کائنات کے لئے رحمت اللعالمین بن کر آئے۔ پیر زکریا نعمانی

0

دینہ: میلاد شریف کا موقع پوری عالم کفر تک یہ پیغام پہنچاتا ہے کہ یہ امت آج بھی سب سے زیادہ جڑی ہے تو اپنے نبی ﷺ کے قدموں کے ساتھ جڑی ہے جب ہم محفل میلاد ﷺ سجاتے ہیں تو خدا فرشتوں سے کہتا ہے دیکھو صدیاں بیت گئیں یہ آج بھی اکھٹے ہو کر اس رحمت کا شکرانہ ادا کرتے ہیں، ہوسکتا ہے یہی عمل ہماری بخشش کا بہانہ بن جائے۔

ان خیالات کا اظہار پیر زکریا نعمانی آستانہ عالیہ ڈھنگروٹ شریف نے جامع سیدہ زینب برائے طلبا وطالبات مرکزی جامع مسجد بلال محلہ معصوم شاہ دینہ میں سالانہ جلسہ میلاد مصطفیﷺ و جلسہ دستار فضیلت و ردا پوشی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نبی پاکﷺ پوری کائنات کے لئے رحمت اللعالمین بن کر آئے اگر ہم ساری عمر بھی اپنی پیشانی سجدوں میں رکھ کر گزار دیں تو اس رحمت کا حق شکر ادا نہیں ہو سکتا، خدا شناسی تو بہت دور کی بات ہے ہم خود شناس بھی نہ ہوتے اگر حضور ﷺ نہ آتے ہمیں اپنی ذات سے آگہی نبی پاک ﷺ کی آمد سے ملی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکیم پیر سید قدیر حسین شاہ نے کہا کہ جامعہ سیدہ زینب محلہ معصوم شاہ دینہ 2000میں قائم کیا گیا اس وقت تک سینکڑوں طلبا و طالبات تعلیم مکمل کر کے اسناد حاصل کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ سیدہ زینب میں ہر سال کئی طلبا و طالبات تعلیم مکمل کرتے ہیں جس میں پرائمری پاس طلبا کو 3سال میں مڈل ،میٹرک اور ایف اے 8سال میں طالبات کو تنظیم المداراہلسنت پاکستان کے تحت تفسیر القرآن فاضل عربی کی مکمل کلاسز ہوتی ہیں اس ادارے میں 145طلبات اور 30طالبعلم زیر تعلیم ہیں اس سال ردا پوشی کی تقریب میں 22طلبات کو اسناد سے نوازا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں زندگی میں جو بھی برکتیں ملی اس میلاد والے رسول ﷺ کے صدقے ملیں اس لئے اس نبیﷺ کے بتائے ہوئے طرز زندگی کو اپنائیں خود کو نبی کریم ﷺ کی محبت میں ایسا ڈھالو کے کوئی دور سے دیکھنے والابھی بولے کہ وہ نبی کریم ﷺ کا امتی آ رہا ہے تمھیں بتانا نہ پڑے کے تم مسلمان ہو۔

اس موقع پر تقریب سے سید صداقت علی شاہ بخاری فیصل آباد ،علامہ قادری محمد اعظم ،علامہ محمد عارف،نعت خواں محمد شفیع میر ،محمد ناصر سلطانی نے بھی خطاب کیا ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.