جہلم

بلدیہ جہلم کے ٹھیکیدار کام لے کر فرار، دسمبر میں جاری کئے گئے کئی ٹینڈرز پر کام شروع نہ ہوسکا

جہلم: بلدیہ کے ٹھیکیدار کام لے کر فرار، دسمبر میں جاری کئے گئے کئی ٹینڈرز پر کام شروع نہ ہوسکا، ٹھیکیدارو ں نے دوماہ سے ٹال مٹول شروع کر رکھی ہے، ڈی سی جہلم کروڑوں کے فنڈز کے باوجود کام نہ کرنے والوں کی رجسٹریشن کینسل کریں، شہریوں کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ جہلم کی جانب سے ہر وارڈ میں 9لاکھ روپے فی کس کے ترقیاتی ٹینڈر جاری کرنے کے بعد ٹھیکے دے دئیے گئے جس پر ٹھیکیدارو ں نے پہلے تمام ٹھیکہ جات کو سب لٹ کر کے اپنا حصہ وصول کرلیا اور کام نئے ٹھیکیداروں کے حوالے کر دیا ۔

نئے ٹھیکیدار وں نے کام کرنے کی بجائے مزید آگے سب لٹ کرنے کی کوشش شروع کر دی جو دوماہ سے مسلسل جاری ہے اوراس دوران متعدد ٹھیکہ تین تین جگہ سب لٹ ہو چکے ہیں جبکہ شکار نہ ملنے پر کئی ٹھکیداروں نے ابھی تک کام ہی شروع نہیں کیا۔

اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ ہمارے مسائل فنڈز اور ٹینڈر جاری ہو نے کے باوجود حل نہیں ہورہے۔ڈپٹی کمشنر جہلم اقبال حسین نے کام جلد ازجلد مکمل کرنے اور کوالٹی میٹریل استعمال کرنے کی ہدایت کی لیکن ٹھکیدار کام ہی نہیں کررہے بلکہ ٹھیکوں کو سب لٹ کرکے مال بنا رہے ہیں۔

شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ جن ٹھکیداروں نے سب لٹ ٹھیکہ جات حاصل کئے وہ انتہائی ناقص اور گھٹیامیٹریل سے ادھورے کام کرکے فرار ہو گئے ہیں کسی گلی میں نہ سیوریج کا کام مکمل ہے نہ نالیوں کو درست طریقے سے بنایا گیا ہے بلکہ گلیوں کے اندر لیول کا بھی کوئی دھیان نہیں رکھا گیا جس کی وجہ پانچ پانچ لاکھ کے ٹھیکوں کی جگہ صرف ایک لاکھ روپے خرچ کرکے خانہ پوری کی جارہی ہے ۔

شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب اور سیکرٹری بلدیات سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button