ٹی سی ایس اور پی ٹی سی ایل فون بلوں کی ترسیل کا معاہدہ، ہزاروں صارفین خوار، سینکڑوں فون بند

0

جہلم: ٹی سی ایس اور پی ٹی سی ایل فون بلوں کی ترسیل کا معاہدہ ،ہزاروں صارفین خوار ، سینکڑوں فون بند، بھاری جرمانے ، کورئیر کی جانب سے ہر ماہ ہزاروں بل تقسیم ہی نہیں ہوتے، صارفین کو شدید مشکلات، محکمہ کروڑوں کے بلوں سے محروم،تباہی کی جانب گامزن، بلوں کی تقسیم ڈاک خانے کے ذریعے کی جائے، شہریوں کا چیئرمین راشد خان سے مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق سابق دور حکومت میں نجی کمپنیوں کو نوازنے کے فارمولے کے تحت نجی کورئیر سروس ٹی سی ایس سے ٹیلی فون بلوں کی تقسیم کا معاہدہ کیا گیا جس کے بعد کورئیر سروس کے نمائندوں کو بلوں کی تقسیم کی کام سونپا گیا جنہوں نے حسب روایت جان چھڑاو پالیسی کے تحت بلوں کی تقسیم کے نظام کو تباہ و برباد کر دیا۔

کورئیر سروس کے نمائندوں کی جانب سے آدھے سے زیادہ شہر میں بل تقسیم ہی نہیں کئے جاتے جس کی وجہ سے نہ صرف صارفین کو بل نہ ملنے پر ان کے کنکشن منقطع ہو جاتے ہیں بلکہ جرمانہ بھی ادا کرنا پڑتا ہے۔

دوسری طرف پی ٹی سی ایل محکمہ کے ذرائع کے مطابق ٹی سی ایس کورئیر سروس کی نااہلی اور بروقت بل تقسیم نہ ہونے پر ماہانہ کروڑوں روپے بلوں کی مد میں واجبات رہ جاتے ہیں جس کی وجہ سے سرکاری خزانے کو بھاری مالی نقصان کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔

ا س حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی سی ایل اور دیگر ذمہ داران کو چاہیے کہ وہ اس بات کی تحقیق کریں کہ محکمہ سے بل جاری ہونے پر صارفین تک کیوں نہیں پہنچ پاتے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پاکستان پوسٹ ہمارا قومی ادارہ ہے اور اس کے ذریعے ماضی میں بلوں کی تقسیم کی جاتی تھی تو کوئی شکایت نہ تھی جبکہ نجی کمپنی کو یہ کام سونپا گیاہے بل کی تقسیم کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔

شہریوں نے چیئر مین پی ٹی سی ایل راشد خان سے مطالبہ کیا ہے کہ بلوں کی تقسیم کیلئے محکمہ پوسٹ کو استعمال کیا جائے اور آئے روز بلوں کی تقسیم نہ ہونے اور کنکشن منقطع ہونے کے مسائل سے صارفین کو نجات دلائی جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.