ماہ صیام کی آمد سے قبل ہی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ

0

جہلم: ماہ صیام کی آمد سے قبل ہی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ، شہر میں سرکاری نرخوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی جاری، مرغی فروشوں نے سرکاری نرخ نامے غائب کردیئے، زندہ مرغی مقررہ نرخوں پر فروخت کرنے کی بجائے خود ساختہ نرخوں پر فروخت کی جانے لگی ، 7 سو 50 گرام گوشت کے نرخ 290روپے مقررکر دیئے گئے ۔

کچھ یہی حال سبزیوں کا ہے شہر میں بیگن 60 روپے کلو فروخت ہورہا ہے جب کہ پیاز کی قیمت بھی آسمانوں کو چھو رہی ہے ، ایک ماہ قبل 30 سے 40 روپے کلو فروخت ہونے والے پیاز 70 روپے فی کلوپر فروخت ہورہے ہیں ، بھنڈی 160 روپے کلو، کھیرا 60 روپے کلو، لوکی ٹینڈے 100 روپے کلو اور توریاں 120 روپے کلو میں فروخت ہونے لگیں، 40روپے کلو قیمت پر بکنے والی پالک بھی اب 60روپے کلو فروخت ہورہی ہے، بند گو بھی 100روپے کلو، کریلے 140 روپے کلو فروخت ہورہے ہیں، شلجم 100 روپے، چقندر80 روپے کلو فروخت ہورہے ہیں۔

دوسری جانب پھل فروشوں نے گراں فروشی کا سلسلہ رمضان سے قبل ہی شروع کردیا، 60 روپے درجن فروخت ہونے والے کیلے کی قیمت اب 80 روپے طلب کی جارہی ہے، کچھ بہتر شکل و صورت کا کیلا 1 سو 50روپے درجن فروخت ہورہا ہے، خربوزے جو کچھ روز قبل 100 روپے کا اڑھائی کلو فروخت ہوتا رہا، اب 100 روپے کلو فروخت ہورہا ہے، گرما 100 روپے کلو، چیکو 80 سے 100 روپے کلو فروخت ہورہے ہیں، تربوز 40 روپے کلو فروخت ہورہاہے، سبزی اور چکن کی طرح پھل کی سرکاری پرائس لسٹ بھی صرف سرکاری فائلوں تک ہی محدود ہے۔

ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر روزانہ کی بنیاد پرنرخ نامے تو جاری کردیئے جاتے ہیں، لیکن ان پر عملددرآمد کروانے والا کوئی نہیں عوامی حلقوں کا خدشہ ہے کہ اگر منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن نہ لیا گیا، تو رمضان المبارک تک اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو جائیگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.