جہلم

موسم کی تبدیلی ،ناقص صفائی انتظامات،مکھیوں اور مچھروں کی بہتات ، شہریوں کا جینا حرام

جہلم: موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی صفائی کے ناقص طریقہ کار کی وجہ سے جہلم شہر و گردونواح میں مکھیوں اور مچھروں کی بہتات نے شہریوں کا جینا حرام کر دیا۔ میونسپل کے سینٹری ورکروں نے شہر و جی ٹی روڈ سے ملحقہ نالوں کی گندگی نکال کر ڈھیر لگا دئیے ہیں جو کہ میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ جس کی وجہ سے گندگی اور غلاظت پچھلے کئی ہفتوں سے گلی محلوں سمیت سڑکوں پر موجود ہے اور اس گندگی سے مکھیاں اور مچھر کثرت سے پرورش پارہے ہیں۔

شہری مکھیوں اور مچھروں کی اس بہتات سے دوہری مصیبت کا شکار ہو رہے ہیں، مکھیوں اور مچھروں کی یلغار سے شہر کے ہر گلی محلے کے باسی بری طرح تنگ ہیں، مکھیاں کھانوں اور اشیاء خوردونوش پر منڈلاتی دکھائی دیتی ہیں ، اور موذی امراض پھیلانے کا موجب بن رہی ہیں ، زہریلے مچھر شام ہوتے ہی شہریوں پر ہلہ بول دیتے ہیں جس کیوجہ سے پورا دن محنت مزدوری کرنے والے محنت کشوں کی نیندیں حرام ہو جاتی ہیں مچھروں کی وجہ سے ملیریااور دیگر امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔

شہریوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کمیٹی کے سینٹری ورکر گلی محلوں کی صفائی کرکے گندگی کے ڈھیر لگا دیتے ہیں اور اس وقت تک گندگی کے ڈھیر نہیں اٹھائے جاتے جب تک ڈپٹی کمشنر یا چیئرمین میونسپل کمیٹی ذاتی طور پر حکم جاری نہ کرے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم ، چیئرمین میونسپل کمیٹی جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر ، ملحقہ آبادیوں اور جی ٹی روڈ پر لگائے گئے گندگی کے ڈھیروں کے خاتمے کے لئے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ شہری موذی امراض سے محفوظ رہ سکیں ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button