ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او جہلم کی پنڈدادنخان میں کھلی کچہری، شہریوں نے شکایت کے انبار لگا دیئے

0

پنڈ دادنخان (ملک عدنان کھوکھر+ آصف حیات مرزا) پنڈدادنخان میں ڈپٹی کمشنر جہلم اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی پہلی کھلی کچہری عوام نے بھرپور انداز میں اپنے مسائل پیش کیے اور شکایت کے انبار لگا دئیے۔

کھلی کچہری کی بروقت تشہیر نہ کرنے پر صحافیوں کا بھرپور احتجاج، زیادہ تر شکایات پنڈدادنخان میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، بند سیوریج سسٹم، صفائی کا ناقص انتظام، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈاکٹروں اور ادویات کی کمی ڈاکٹرز کی رہائش کے مسائل، للِہ موٹروے انٹرچینج سڑک کی انتہائی خراب حالت، پولیس محکمہ مال محکمہ ہائی وے کی ناقص کارکردگی پر عوام پھٹ پڑے۔

کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور نے کہا کہ پنڈدادنخان میں گرمیوں کی آمد سے قبل پینے کے پانی کے مسئلے کو حل کر دیا جائے گا، اس سلسلے میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری مسائل حل کرنے میں سرگرم عمل ہیں اگلے چند دنوں تک ناقص پائپ لائنوں واٹرسورسیں کی اپ گریشن کا کام شروع ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنڈدادنخان میں سپورٹس سٹیڈیم کی اپ گریشن کے لیے 41ملین کی رقم سے سکیم شروع کی جارہی ہے جبکہ 10 ملین روپے سے سٹیڈیم کی اپ گریڈ کا کام اگلے دس دن میں شروع ہوجائے گا پنڈدادنخان اور کھیوڑہ میں کرکٹ کبڈی ہاکی اور دیگر تمام کھیلوں کے گراؤنڈز بنائے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ جہاں کے گراؤنڈ آباد ہوں وہاں کے ہسپتال ویران ہوجاتے ہیں بار کے صدر کی درخواست پر ریوینو کے مقدمات کو سننے کے لیے ADCR کو مہینے میں دو دن پنڈدادنخان میں کورٹ ورک کریں گے میرے دروازے ہر خاص و عام کے لیے کھلے ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم کیپٹن سید حماد عابد نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کے بدترین ناسورہیں ضلع جہلم میں منشیات فروشوں کے خلاف جہاد شروع کر دیا ہے پورے ضلع میں منشیات فروشوں کا خاتمہ میری پہلی ترجیح ہے ہر ٹاؤن اور محلہ لیول پر مصالحتی کمیٹیاں بنائی جارہی ہیں پتنگ بازی پر مکمل پابندی ہوگی شادی بیاہ کی تقریبات میں فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ ایک پیج پر ہیں پولیس کی وردی پہننے کا یہ مطلب نہیں کہ شریف آدمی کی پگڑی اچھالی جائے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں کہ دن 3 بجے سے 5بجے تک تھانوں میں رہیں اور عوام کے مسائل سنیں اور اس پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنائیں رشوت لینے والا اور دینے والا دونوں جہنمی ہیں پولیس والے سن لیں کہ رزق حلال کھانا ہی عبادت ہے پولیس کی نفری کم ہے عوام کا فرض ہے کہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں اور مل جل کر جرائم کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔

کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر احمد فراز ڈی ایس پی چوہدری افتخار ایس ایچ او عبد الغفور بٹ اور تمام ضلعی اور تحصیل کے محکموں کے سربراہوں کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد نے کھلی کچہری میں شرکت کی اور اپنے مسائل سے افسران کو آگاہ کیا اور کھلی کچہری شہر سے باہر لگانے کی بجائے اندرون شہر لگائی جائے تاکہ افسران نہ صرف خود شہر کی زبو حالی کا معائنہ کر سکے اور کھلی کچہری کی تشہیر ایک ہفتہ قبل کی جائے ۔

اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران، تحصیل پریس کلب،عوام دوست گروپ، تحصیل الیکٹرونک اینڈ پرنٹ میڈیا اور معززین نے کہا کہ کھلی کچہریاں لگا کر عوام کو انصاف کی فراہمی کی بجائے زلیل و خوار کیا جاتا ہے مسائل سنے تو جاتے ہیں لیکن ان کو حل نہیں کیا جاتا، شہر گندگی میں ڈوبا ہوا ہے، ڈی سی، اے سی کی کوئی توجہ نہیں۔

عوام دوست اور مرکزی انجمن تاجران کے نمائندے ملک غلام مصطفے میٹھو تحصیل پریس کلب کے صدر اختر ارائیں اور چیئرمین سید اختر علی شاہ اور معززین علاقہ نے کھلی کچہری کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان کے مسائل جوں کے توں ہے۔ سول ہسپتالوں میں ڈاکٹرزاور میڈیسن کی قلت اور تحصیل بھر میں قائم پولیس چوکیوں میں انصاف نہ ملنے کے برابر ہے۔ صفائی اور پانی کا ناقص انتظام اور پریس کلب کے صحافیوں کو بغیر اطلاع کیے کھلی کچہری کے اہتمام کی وجہ سے ہم مکمل طور پر بائیکاٹ اور واک اوٹ کرتے ہیں۔

ملک غلام مصطفی میٹھواور اختر آرائیں نے کہا کہ ڈی سی جہلم کو پنڈ دادنخان شہر کا وزٹ کرنا چاہئے تھا کھلی کچہری میں کوئی عوامی نمائندگی نہیں، ڈی سی جہلم اور ڈی پی او جہلم کی کھلی کچہری کی کوریج کا مکمل بائیکاٹ کرتے ہیں۔ نیر اعوان اور آصف حیات مرزانے کہا کہ سول ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی پانی کا مسئلہ برباد ہو چکا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.