آئے روز حادثات، جی ٹی روڈ جادہ کے مقام پر اوور ہیڈ برج بنانے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا

0

جہلم: جی ٹی روڈ جادہ کے مقام پر اوور ہیڈ برج بنانے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا، آئے روز ہونے والے حادثات میں جاں بحق اور معذور ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ، شہریوں نے ارباب اختیار سے اوور ہیڈ برج قائم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کے شہریوں نے جادہ کے مقام پر جی ٹی روڈ پربڑھتی ہوئی ٹریفک کے باعث اوور ہیڈ برج قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اخبارنویسوں کو بتایا کہ آئے روز جادہ کے مقام پر حادثات رونما ہوتے ہیں ، جس کی وجہ سے بے شمار افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ متعدد افراد زندگی بھر کے لئے معذور ہو چکے ہیں ، جی ٹی روڈ پر تیز رفتار گاڑیاں سڑک عبور کرنے والے شہریوں کو روندتی ہوئی رفو چکر ہوجاتی ہیں۔

شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اندرون شہر اور دیہاتوں سے آنے والے مرد و خواتین کے لیے جی ٹی روڈ کو گاڑیوں کی تیز رفتاری کے باعث عبور کرنا ناممکن ہوچکا ہے ،جس کے باعث آئے روز حادثات میں غیر معمولی اضافہ ہو چکاہے، جبکہ موٹر وے پولیس کے ذمہ داران نے اس حوالے سے مکمل لا تعلقی اختیار کر رکھی ہے۔

موٹر وے پولیس کے ذمہ داران جہلم ٹول پلازہ سے لیکر سیگریٹ فیکٹری تک سٹرک پر فرائض سر انجام دینا اپنی توہین سمجھتے ہیں ، جس کی وجہ سے جہلم جادہ کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث حادثات رونما ہوتے ہیں۔

شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم جادہ کے مقام پر اوور ہیڈ برج قائم کیا جائے تاکہ حادثات میں کمی واقع ہو سکے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.