جہلم

سول ہسپتال جہلم میں سینکڑوں مریضوں کو علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، ڈاکٹر فاروق احمد

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ایک بہترین علاج گاہ ہے جہاں پر مقامی اور دوردراز علاقوں سے آنے والے سینکڑوں مریضوں کو علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ، ہسپتال کو جدید طبی سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے ، اس ضمن میں ڈی ایچ کیو ہسپتال میں اعلیٰ نظم و نسق برقرار رکھا جارہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار میڈیکل سپرٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق احمد بنگش نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی پر معمور ڈاکٹرز ، سٹاف کی حاضری ، ادویات کا سٹاک ، صفائی ستھرائی سمیت دیگر امور کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جاتا ہے۔
انہوںنے کہا کہ ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل سٹاف خدمت خلق کے تحت مریضوں کے علاج معالجہ اور سہولیات فراہم کرنے میں ہمہ وقت مصروف رہتا ہے ۔سول ہسپتال میں علاج کے سلسلہ میں آنے والے مریضوں اور انکے لواحقین سے ڈاکٹر و عملہ خوش اخلاقی سے پیش آتا ہے اور انہیں اس ضمن میں باہم معلومات فراہم کی جاتی ہیں ، ایم ایس ڈاکٹر فاروق احمد بنگش نے شعبہ بیرونی مریضاں میں مریضوں کی تشخیص اور فارمیسی میں ادویات کی ترسیل کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں آنے والے تمام مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جارہی ہیں تاہم اگر کسی مریض کو کسی بھی قسم کی کوئی شکایت ہو تو میرے دفتر کے درروازے 7/24کھلے ہیں اور رات کے اوقات میں ڈپٹی میڈیکل سپرٹنڈنٹ ، اسسٹنٹ میڈیکل سپرٹنڈنٹ شہریوں کی خدمت کے لئے موجود ہوتے ہیں ۔
اس موقع پر پی ایم اے ضلع جہلم کے صدر ڈاکٹر ملک حفیظ الرحمن، گائناکالوجسٹ ڈاکٹر سرمد حفیظ ، اسسٹنٹ میڈیکل سپرٹنڈنٹ ڈاکٹر شعیب کیانی بھی موجود تھے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button