ماہ محرم میں امن و امان برقرار رکھنے میں علماء و مشائخ اور شہریوں کا کردار انتہائی کلیدی ہے، ڈی پی او سید حماد عابد

0

پنڈدادنخان: ڈی ایس پی آفس پنڈ دادنخان میں امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ڈی پی او جہلم کیپٹن (ر) سید حماد عابدنے کی۔ اجلاس میں ڈی ایس پی محمد سلیم خٹک ایس ایچ او پنڈدادنخان غلام عباس شاہ چوکی انچارج سب انسپکٹر مطلوب حسین اور دوسرے پولیس افسران کے علاوہ امن کمیٹی کے ممبران اور صحافیوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈی پی او جہلم سید حماد عابد نے کہا کہ ماہ محرم میں امن و امان برقرار رکھنے میں علماء و مشائخ ، صحافی اور شہریوں کا کردار انتہائی کلیدی ہے اور تمام مسالک کے علماء اور پیروکاروں کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور مشکوک افراد کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں ۔

انہوں نے کہاکہ لاؤڈ سپیکر پر عائد کی گئی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے ، علماء، مشائخ اور ذاکرین کیلئے وضع کئے گے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے اوراشتعال انگیز، مذہبی منافرت پر مبنی تقاریر سے اجتناب کیا جائے اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈی پی او جہلم کیپٹن (ر) سید حماد عابد نے کہاکہ تھانہ کی سطح پر قائم امن کمیٹیوں کو فعال کر دیا گیا ہے امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ تمام تحصیل میونسپل افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ ماتمی جلوسوں کے روٹس کی صفائی کی جائے اوراگر کہیں ملبہ موجود ہو ہے تو اسے ہٹایا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ تمام ماتمی جلوسوں اور عزاداری کی مجالس کی مقامات اور اوقات کی سختی سے پابندی کی جائے اور کسی بھی نئے جلوس یا مجلس کی بالکل کوئی اجازت نہیں ہے۔ امام بارگاہوں، مساجد اور ماتمی جلوسوں میں اجنبیوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور اگر کوئی بھی مشکوک فرد یا مشکوک حرکت نوٹ کریں تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔

ڈی ایس پی محمد سلیم خٹک نے کہاکہ اہل تشیع کی جانب سے ماتمی جلوسوں کے رضا کار سرکاری اہلکاروں کی مدد کر یں ، ڈی ایس پی نے ایس ایچ او کو ہدایت جاری کر دیں کہ جلوس کے دوران کسی شخص کو چھت پر کھڑا نہ ہونے دیا جائے ۔ ڈی ایس پی محمد سلیم خٹک نے کہا کہ شہدا کربلا کی قربانیوں نے مسلمانوں کا سر فخر سے بلند کیا امام حسین نے باطل قوتوں پر واضع کر دیا کہ دین کے سپاہی سر کٹا سکتے ہیں جھکا نہیں سکتے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.