59 سال قدیم کیپٹن عطا اللہ سول ڈسپنسری پڑی درویزہ کا خصوصی دورہ کرنے کیلئے ڈی سی سے مطالبہ

0

پڑی درویزہ: 59سال قدیم کیپٹن عطا اللہ سول ڈسپنسری پڑی درویزہ کا خصوصی دورہ کرنے کے لیے ڈی سی ضلع جہلم سے مطالبہ ۔ تحریک فلاح دیہات پروگرام کے تحت یہ ڈسپنسری آج یونین کونسل کی 18ہزار آبادی کے علاج معالجے کا واحد سرکاری ذریعہ ہے ۔ ڈی سی ضلع جہلم اگر اس ڈسپنسری میں عوامی مسائل سننے کے بہانے ایک کھلی کچہری منعقد کریں تو اہل علاقہ کے لیے ایک احسان سے کم نہ ہو گا ۔

تفصیلات کے مطابق 1961ء میں تحریک فلاح دیہات پروگرام کے تحت سماجی شخصیت سابق ایس ایس پی (ریٹائرڈ ) راجہ عنایت اللہ خان کی تحریک پر پڑی درویزہ میں دیگر دو منصوبوں نے ساتھ مذکورہ ڈسپنسری کی تعمیر و قیام عمل میں آیا تھا ۔ 1967ء میں سابق کمشنر راولپنڈی دویژن ستارہ قائد اعظم سی ایس پی سید محمود الحسن شاہ نے اپنے دست مبارک سے افتتاح کیا تھا ۔

شروع کے دس سال تک یہ شفا خانہ علاقہ کے لیے علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرتا تھا لیکن بعد میں علاقائی مہربانوں کی عدم توجہی کی وجہ سے بجائے اپ گریڈ ہونے کے آج ایک ڈسپنسر تک محدود ہو گئی ہے ۔

سال 2016ء کے دوران مقامی اہل صحافت اور سماجی کارکنان نے اس وقت کے ڈی سی جہلم سے ملاقات کی تھی چنداں پیش رفت کے باوجود کوئی کامیابی نہ ہو سکی ۔ اس لیے اب اہل علاقہ پڑی درویزہ و گردونواح نے ڈی سی ضلع جہلم کو دعوت دی ہے کہ خود مذکورہ نوادر ڈسپنسری کا دورہ کریں اور عوام کے دیگر مسائل بھی سنیں ۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے اگر ڈومیلی میں کھلی کچہری لگائی جاسکتی ہے تو پڑی درویزہ میں بھی ایسی مثبت سرگرمی کی از حد ضرورت ہے ۔ اہل اعلاقہ کا کہنا ہے کہ ممکن ہے مجوزہ کھلی کچہری کے نتیجے میں کیپٹن عطااللہ سول ڈسپنسری پڑی درویزہ کو بطورکیپٹن عطا اللہ بنیادی مرکز صحت اپ گریڈ کرنے میں کوئی مدد مل سکے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.