جہلماہم خبریں

حکومت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کر کے انہیں کھیل کے میدان فراہم کرے۔ یحییٰ بٹ

جہلم: حکومت کو کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کر کے انہیں کھیل کے میدان فراہم کرنے ہوںگے،جبکہ حکومت جو وعدے کرتی ہے وہ پورے نہیں کرتی جس کی وجہ سے آج کی نوجوان نسل غیر نصابی سرگرمیاں نہ ہونے کے باعث مایوسی کا شکار ہیں اور اپنی مدد آپ کے تحت انہوں نے کھیل کے میدانوں میں رونق لگائی ہوئی ہے۔

ان خیالات کااظہار ایشیا ء کے نامور باڈی بلڈر وائس پریذیڈنٹ پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن مسٹر ایشیاء یحییٰ بٹ نے آج سپورٹس جمنزیم میں باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ 2018؁ء میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جن ملکوں میں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں نہ صرف معاشی ترقی پروان چڑھتی ہے بلکہ ہر نوجوان کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کر کے مثبت سوچ کے ساتھ ملک کا نام بین الاقوامی دنیا میں روشن کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ نہ تو حکومت پنجاب کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت نے کھلاڑیوں کیلئے ملازمتوں میں کوئی کوٹہ رکھا ہوا ہے نہ ہی انہیں سکالر شپ ملتا ہے بلکہ جب بھی حکومت کے نمائندوں سے بات ہوتی ہے وہ فنڈ نہ ہونے کا رونا رو کر چپ ہو جاتے ہیں ۔شاید وہ اپنے ملک کے نوجوانوں کو کھیل کے میدان میں نہیں دیکھنا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ خادم اعلیٰ پنجاب نے میٹرو بس ،اورنج ٹرین کے ساتھ ساتھ جو اصلاحات کیں ہیں وہ تو قابل ستائش ہیں لیکن انہیں نوجوانوں کی فلاح وبہبود کیلئے بھی ایک منصوبہ اسی طرح کا بنا کر تمام سکولز اور کالجز میں تحصیل ،ضلعی ،ڈویژنل اور صوبہ کی سطح پر ہاکی،فٹبال،کرکٹ،بیڈمنٹن اور باڈی بلڈنگ جیسی ٹیمیں تشکیل دے کر نوجوان نسل کو اچھی راہوں پر گامزن کرنا ہوگا کیونکہ اس سے نہ صرف طلباء میں کھیلوں کے ساتھ ساتھ ان کا ملکی اور قومی مفاد میں سوچ کا معیار بلند ہوگا جبکہ وہ مقابلے کر کے جیت کر معاشرے میں اپنا مقام بنا کر ملک کا نام روشن کریںگے۔

انہوں نے کہا کہ آج جس طرح چیئرمین جمیل احمد میر ،سرپرست اعلیٰ حسن بٹ،صدر سابقہ مسٹرجہلم خواجہ عامر امیر،نائب صدر راجہ عبداللہ اور جنرل سیکرٹری سابق مسٹر جہلم استاد عبدالرحمن مانی نے باڈی بلڈنگ کی چیمپئن شپ مسٹر جہلم جونیئر مسٹر جہلم اور مسٹر کالجیٹ کے مقابلے کروائے ہیں او رجس طرح یہاں آج نوجوانوں کا ہزاروں کی تعداد میں ہجوم ہے ان کا یہاں موجود ہونا اور خوشیوں بھرا چہرہ خادم اعلیٰ پنجاب کیلئے پیغام ہے کہ انہوں نے اپنی حکومت کے دوران نوجوان نسل کو کیا دیا آج بھی خادم اعلیٰ پنجاب اگر ان نوجوانوں کی غیر نصابی سرگرمیوں کو ہر سطح پر یقینی بنا کر انہیں فنڈز فراہم کریں تو یہ نوجوان اپنے آپ کو ہر سطح پر نمایاں کر کے اپنا لوہا منوا سکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button