جہلم پولیس کا انوکھا انصاف، شراب کے نشے میں دھت غل غپاڑہ کرنے والے کو پکڑ کر چھوڑ دیا

0

جہلم: تھانہ صدر کے تفتیشی افسر کا انوکھا انصاف، شراب کے نشے میں دھت غل غپاڑہ کرنے والوں کی موجیں، شہری سراپا احتجاج، ڈی پی اوجہلم سے نوٹس لینے کامطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق نیو کرسچن کالونی جہلم کے رہائشی پاسٹر سنیل برکت ولد برکت مسیح نے 16 مئی کو تھانہ صدر درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ میں گھر میں موجود نہیں تھا، طارق مسیح ولد نامعلوم ہمراہ تین کس افراد میرے گھر میں داخل ہوئے اور میرے بیوی بچوں کو گالی گلوچ اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، اطلاع ملتے ہی میں نے 15 پولیس کو مطلع کیا۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر شراب کے نشے میں دھت طارق مسیح کو تھانہ صدر کے سب انسپکٹر قمر سلطان اور دیگر پولیس ملازمین نے اپنی حراست میں لے لیا، جبکہ باقی 3 نامعلوم افراد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔

تھانہ صدر کے سب انسپکٹر نے سول ہسپتال جہلم سے شراب میں نشے میں دھت طارق مسیح کا میڈیکل کروایا اور اس طرح 3 دن تک طارق مسیح کو تھانہ صدر کے کمرے میں رکھا گیا، بعد میں نامعلوم افراد کی مداخلت پر بغیر قانونی کارروائی کئے تھانہ سے باعزت رہا کر دیاگیا، جس کی وجہ سے شہریوں میں شدید خوف و حراس پایا جاتا ہے۔

علاقہ مکینوں نے ڈی پی اوجہلم سے مطالبہ کیاہے کہ قانون کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے افراد کو قانو ن کے شکنجے میں لیا جائے تاکہ جرائم کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

موقف جاننے کے لئے ایس ایچ او تھانہ صدر محمود ملک سے رابطہ قائم کیا گیا توانہوںنے کہا کہ اس کیس کی تفتیش قمر سلطان سب انسپکٹر کر رہاہے دریافت کرکے حقائق سے آگاہ کرونگا لیکن ایس ایچ او نے آخری وقت تک رابطہ نہیں کیا اگر وہ اپنا موقف دینا چاہئیں تو ان کا موقف بھی من و عن شائع کیا جائیگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.