ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈدادنخان میں ڈاکٹروں کی کمی کو جلد پورا کر دیا جائیگا۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور

0

پنڈدادنخان: ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈدادنخان میں ڈاکٹروں کی کمی کو جلد پورا کر دیا جائیگا،اس کے ساتھ ساتھ گورنمنٹ کی طرف سے ترقیاتی فنڈز ریلیز ہوتے ہی ڈاکٹروں کی رہائش کا مسئلہ بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔

ان خیالات کااظہار ڈپٹی کمشنر جہلم سیف انور جپہ نے ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈدادنخان کے دورے کے دوران کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی وار ڈ ، میڈیکل اسٹور، بچہ وارڈ، زنانہ وارڈ، ہسپتال کے لان اور دیگر جگہوں کا دورہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے افسران باقائدگی سے دور دراز علاقوں میں جاکر دورہ کرتے ہیں جن کا مقصد عوام کو بہترین سہولیات سے آراستہ کرنا ہے ، تحصیل پنڈ دادنخان کے مسائل کے ازالہ کے لئے ہفتہ وار دورہ کیا جائیگا

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹی ایچ کیو کے ڈاکٹر کی تعداد میں اضافہ کے لئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اس ضمن میں محکمہ صحت پنجاب کو تحریری طور پر آگاہ کیا جا چکا ہے ، 12 دسمبرسے مزیدنئے ڈاکٹرز ٹی ایچ کیو پی ڈی خان میں خدمات سر انجام دیں گے ، جہلم انتظامیہ صحت اور تعلیم کو متحرک کرنے میں کوشاں ہے ،صحت عامہ ہماری اولین ترجیح میں شامل ہے ۔مفت ادویات کی مکمل فراہمی ،ہسپتالوں کی صفائی، سیکورٹی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔

انہوں نے مریضوں سے سہولیات کے بارے رائے حاصل کی اور مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے پر ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ شعبہ صحت بلخصوص سول ہسپتال میں نمایاں بہتری چند روز میں آئی گی۔ انہوں نے صفائی کے عملے کو بہتر کارکردگی کرنے اور مزید توجہ دینے کی ہدایت دی ۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف کا خاضری رجسٹر بھی چیک کیا ۔

تحصیل ہیڈ کوارٹر کے ہنگامی دورہ کے دوران ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کے ایم ایس سے ہسپتال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیںگے اور عوام کو صحت کی بہتر سے بہتر سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔

اس موقع پر رہنما پاکستان تحریک انصاف چوہدری فیصل ایڈووکیٹ، اے سی پنڈ دادنخان گوہر وزیر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال، ڈی او انفارمیشن عثمان سندھو، ایم ایس ٹی ایچ کیو انعام اللہ، صدر انجم تاجران و صدر پریس کلب اور دیگر موجود تھے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.