جہلم

جہلم شہر کے چوک چوراہوں سمیت اہم مقامات پر خود ساختہ چنگ چی رکشہ اسٹینڈ قائم ہو گئے

جہلم: شہر کے چوک چوراہوں سمیت اہم مقامات پر خود ساختہ چنگ چی رکشہ اسٹینڈ قائم ہو گئے، ٹریفک پولیس ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں پر گامزن ، شہری سراپا احتجاج ، ڈی پی او جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق شہرکے چوک چوراہوں ، سرکاری دفاتر اور اہم مقامات پر بااثر چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں نے اپنے قبضے جما رکھے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار کہیں نظر نہیں آتے ، چوک چوراہے بند ہونے کیوجہ سے خریداری کے لئے شہر آنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شاندار چوک، جادہ چوک، محمدی چوک، قبرستان چوک، بابا جادہ چوک، روہتاس روڈ چوک سمیت شہر کی اہم سڑکوں ، گلیوں کے سامنے رکشہ ڈرائیوروں نے خود ساختہ اسٹینڈ قائم کر رکھے ہیں ، چنگ چی رکشے کھڑے ہونے کے باعث ٹریفک کے بہاؤمیں شدید مشکلات پیدا ہوجاتی ہیں ، شاندار چوک میں رکشہ مافیا کا گروہ موجود ہوتا ہے۔

جو رکشہ ڈرائیوروں سے بھتہ وصولی کرکے باقاعدہ چوک کے چاروں اطراف رکشے کھڑے کرواکے مسافروں کو بٹھاتے ہیں ، جن کے خلاف ٹریفک پولیس بھی کسی قسم کی آواز بلند نہیں کر سکتی ۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ جب بھی کوئی سرکاری پروگرام یا سرکار کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقاد کیا جائے تو اس وقت ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار اسی مافیا کی مدد سے سرکاری پروگراموں کو رونق بخشتے ہیں۔

ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ٹریفک پولیس کے بعض افسران و اہلکاروں نے اس مافیا کے ساتھ گٹھ جوڑ کر رکھا ہے ، اگر ڈی پی او جہلم ، ڈپٹی کمشنر جہلم یا کسی بڑے افسر نے گزرنا ہو تو ان کی آمد سے قبل مافیا کو اطلاع کر دی جاتی ہے اس طرح چوک کے چاروں اطراف جانے والی سڑکیں کشادہ دکھائی دیتی ہیں اور افسران اپنے ماتحتوں کی کارکردگی کو سراہتے ہیں۔

شہریوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے مطالبہ کیا ہے کہ بغیر اطلاع اور بغیر پروٹوکول شاندار چوک سمیت شہر کے چوک چوراہوں سے گزر کے دکھائیں تو انہیں معلوم ہوگا کہ شہریوں کو چوک چوراہوں میں سے گزرتے وقت کتنی مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button