پنڈدادنخاناہم خبریں

عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنا حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح میں شامل ہے۔ ملک محمد انور

پنڈدادنخان: صوبائی وزیر مال ملک محمد انور نے تحصیل پنڈدادنخان میں رمضان بازار، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اور اراضی ریکارڈ سنٹر کا تفصیلی دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادنخان مراد حسین بھی انکے ہمراہ تھے۔

صوبائی وزیر نے رمضان بازار میں اسٹاک کی دستیابی اور اشیاء خوردونوش کے سٹالوں پر جاکر چیکنگ کے دوران آٹے، چینی، سبزی، پھل، دالیں، گوشت اور دیگر سٹال کاتفصیلی معائنہ کیا اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، معیار اور وزن کو چیک کیا۔

صوبائی وزیر نے اسٹالز پر اشیاء کے نرخنامے نمایاں مقام پر آویزاں کئے جانے، پنکھوں کی موجودگی، سیکورٹی، صفائی ستھرائی اور کورونا ایس او پیز کا بھی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے رمضان بازار میں خریداری کیلئے آئے ہوئے شہریوں سے ملنی والی رعایت و سہولیات بارے استفسار کیا۔ انہوں نے انتظامیہ کی رمضان بازاروں میں بہترین سہولیات کی فراہمی پر سراہا۔

بعد ازاں صوبائی وزیر نے اراضی ریکارڈ سنٹر کا تفصیلی دورہ کیا، وہاں پر موجود تمام کاؤنٹرز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے سنٹرز میں انتظامات کو مزید بہتر بنانے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں اور مستقبل میں واضح تبدیلی نظر آئے گی۔

صوبائی وزیر مال پنجاب ملک محمد انور نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان کے تمام شعبوں کابھی دورہ کیا اور وہاں پر مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنا حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح میں شامل ہے۔

صوبائی وزیر نے مریضوں کی عیادت کی اور ان سے علاج ومعالجہ کے حوالے سے دی جانے والے سہولیات کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی، انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مریضوں کے علاج و معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے اور اس ضمن میں غفلت کے مرتکب اہلکار کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ مریضوں کے علاج و معالجے کے لیے حکومت پنجاب تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button