جہلماہم خبریں

جہلم کے نواحی علاقہ ٹبہ راجگان میں ٹھیکیدار نے ناقص میٹریل سے گرلز سکول کی عمارت تعمیر کر دی

جہلم: محکمہ بلڈنگ کے افسران خاموش تماشائی ، ٹھیکیدار نے ناقص میٹریل سے سکول کی عمارت تعمیر کر دی، ایکسین ، ایس ڈی او ، سب انجینئر لاعلم ، عمارت ہوا میں جھولنے لگی ، شہریوں کا صوبائی وزیر سی اینڈ ڈبلیو سیکرٹری تعمیرات و مواصلات سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ بلڈنگ نے جہلم کے نواحی علاقہ ٹبہ راجگان میں گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کی عمارت تعمیر کروانی شروع کر رکھی ہے ، ناقص و غیر معیاری میٹریل ،ناقص منصوبہ بندی کیوجہ سے سکول کی عمارت کا ایک کمرہ تقریباً1 فٹ سے زائد لٹک رہا ہے اور بیم میں بھی نصف فٹ سے زائد کا فرق نمایا ں ہے ، مقامی افراد نے تحریری طور پر صوبائی وزیر سی اینڈ ڈبلیو، سیکرٹری تعمیرو مواصلات سمیت ذمہ داران کوآگاہ کر دیا ہے۔

سکول کی عمارت میں ہونے والی بدعنوانی کا موقف جاننے کے لئے ایکسین بلڈنگ جہلم کے دفتر رجوع کیا گیا تو دفتر میں موجود ہیڈ کلرک لیاقت علی نے بتایا کہ ایکسین اور ایس ڈی او صاحب کو ڈپٹی کمشنر نے نئی سکیموں کے حوالے سے مشاورت کے لئے اپنے دفتر طلب کر رکھا ہے جبکہ سب انجینئر جاری کاموں کو دیکھنے کے لئے سائیڈ پر موجود ہے۔

جب ہیڈ کلرک کو ٹبہ راجگان میں زیر تعمیر سکول کی عمارت میں پیدا ہونے والے نقص بارے بتایا گیا تو انہوں نے کہا کہ چھوٹے موٹے نقص عمارتوں میں آتے رہتے ہیں یہ معمولی بات ہے ، جبکہ لاکھوں روپے کی لاگت سے ٹبہ راجگان میں گرلز پرائمری سکول کی عمارت کی نئی تعمیر کی جارہی ہے۔

شہریوں نے صوبائی وزیرسردار آصف خان ، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات سے نوٹس لینے اور متعلقہ ذمہ داران کی نااہلی اور ناقص و غیر معیاری میٹریل استعمال کرنے والے ٹھیکیدار کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیاہے ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button