بہاولپور مدرسے سے متعلق بھارتی الزام بے بنیاد اور پروپیگنڈا ہے، فواد چوہدری

0

جہلم: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارتی الزام بے بنیاد اور پروپیگنڈا ہے، مدرسے کا انتظام پنجاب حکومت کے حوالے کردیا گیا ہے، جہاں میڈیا کو بھی دورہ کرایا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا تھا کہ اس پر مکمل عمل درآمد کیا۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت مختلف اقدامات کا اعلان کیا گیا اور بہاول پور میں ہونے والی تبدیلی بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔


فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت بہاول پور کے مدرسے کا کنٹرول اور تمام انتظامی نظام پنجاب حکومت کے حوالے کیا گیا ہے، یہ وہ ہی مدرسہ ہے، جس کے بارے میں بھارت میں پروپیگنڈا کیا جا رہا تھا کہ یہ جیش محمد کا ہیڈ کوارٹر ہے۔

انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ہفتہ کے روز میڈیا نمائندوں کو اس مدرسے کا دورہ کرایا جائے گا، جہاں وہ خود دیکھ سکیں گے کہ مدرسہ کیسے کام کر رہا تھا، 700 کے قریب یہاں طالبعلم ہیں، جو زکوۃ اور صدقے سے اس مدرسے میں تعلیم حاصل کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ میں یہ بات واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ پلواما حملے کا کوئی تعلق اس مدرسے سے نہیں ہے، نیشنل ایکشن پلان خود ہماری ضرورت اور قومی سلامتی کیلئے ناگزیر ہے، جس پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں اور اس کے اوپر عمل درآمد کرتے رہیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.