صحافی معاشر ے کے ناسوروں کو انجام تک پہنچانے کیلئے حقائق کو سامنے لاتے ہیں، چوہدری فرخ الطاف

0

جہلم: صحافت ریاست کااہم چوتھا ستون ہے جو باقی ستونوں کو طاقت مہیا کرتا ہے جس سے ریاست کی عمارت مزید مضبوط ہوتی ہے ، جب ساری دنیاء سو رہی ہوتی ہے تب صحافی جاگ کر اپنی قلم چلاتے ہوئے عوام کو آگاہی فراہم کرتے ہیں اور معاشر ے کے ناسوروں کو ان کے انجام تک پہنچانے کیلئے حقائق کو سامنے لاتے ہیں ، جس کے نتیجے میں انہیں سنگین نتائج اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی ملتی ہیں مگر اس کے باوجود صحافی اپنے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ،وفد کی قیادت صدر جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمود کر رہے تھے جبکہ جہلم پریس کلب کے سابق جنرل سیکرٹری چوہدری محمد ریاض گوندل ، مرزاکفیل بیگ، چوہدری مہربان حسین ، عبدالغفارآزاد ، عاطف بٹ، محمد وسیم قریشی ، مرزاقدیر بیگ، مرزاکفیل بیگ شامل تھے۔

ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ماضی میں کئی ممالک لمبے عرصے تک بے حالی میں مست رہے ، اور اپنی غربت جہالت اور بیماریوں کو برداشت کرتے رہے مگر خاص طور پر صحافیوں نے معاشرے میں شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور آج وہی معاشرے دنیاء کے ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہو چکے ہیں ،صحافت ایک ایسا پیشہ ہے جہاں عوام کے مسائل اور نظریات دونوں کا پرچار کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کے چار ستون ہیں جن میں پہلا انتظامیہ یعنی حکومت وقت ، دوسراستون مقننہ، تیسراستون عدلیہ اور چوتھا صحافت ہے ، اس میں کوئی شک نہیں کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں صحافت کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے ۔ بلاشبہ یہ کوئی آسان سفر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہلم سمیت پاکستان کی صحافی برداری نے ہمیشہ جمہوریت کے استحکام کے لئے جدوجہد کی ہے مگر افسوس کے ماضی میں صحافیوں کے تحفظ کے لئے موثر قوانین نہیں بنائے جا سکے ، اس کے باوجود صحافی حقائق عوام تک پہنچانے میں دن رات مصروف ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.