پنڈدادنخان

پولیس کی نااہلی، تحصیل پنڈدادنخان میں چوری کی وارداتیں تھم نہ سکیں، چور مزید 6گھروں کا صفایاکر گئے

پنڈدادنخان: پولیس کی نااہلی، تحصیل پنڈدادنخان میں چوری کی وارداتیں تھم نہ سکیں،تھانہ جلالپور شریف کی حدود میں 2دن میں درجن کے قریب وارداتیں، گزشتہ2 ماہ سے تسلسل سے وارداتوں کے باعث شہری عدم تحفظ کا شکار ،سٹی چوکی پنڈدادنخان SIاورASIبکری چور پکڑنے والوں کو دھمکانے لگے ،پولیس کا سائلین پرنامزد درخواست دائر کروانے پر دباؤ، تحصیل پنڈدادنخان میں جرائم کی شرح تیزی سے بڑھنے پر شہری خوف و ہراس کا شکار۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل پنڈدادنخان کے علاقہ جالپ میں گزشتہ دو ماہ سے چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہونے کے باعث شہر ی عدم تحفظ کا شکار ہوچکے ہیں کئی غریب گھر نقدی زیورات سے محروم ہو چکے ہیں۔

تھانہ جلالپور شریف کی حدود میں گزشتہ دو دنوں میں دولت پور اور اعظم پور میں 2جبکہ عبداللہ پور میں نامعلوم چور 6گھروں کا صفایا کرتے ہوئے فرار ہوگئے نامعلوم چور اعظم پور کے رہائشی کے گھر سے 15تولے سونا اور لاکھوں روپے نقدی لے اُڑے ،یاد رہے گزشتہ ماہ موٹر سائیکل سوار ڈکیت تھانہ جلالپور شریف پولیس کے سامنے ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ تحصیل پنڈدادنخان میں جرائم کی بڑھتی شرح کے پیش نظر گشت کے موثر اقدامات نہیں ہیں نہ ہی پولیس نے کسی بھی قسم کی کوئی کاروائی کرتے ہوئے کوئی مجرم پکڑا ہے جبکہ چند روز قبل پنڈدادنخان شہر میں اہل محلہ نے بکری چور کار سوار کو چوری کی گئی بکری سمیت پکڑا جو کہ خود کو کسی پولیس افسر کا کزن بتاتا رہا اور گاڑی کی سکرین پر پنجاب پولیس کا لوگو بھی چسپاں کر رکھا تھا جس پر پولیس کو اطلاع کی گئی۔

جب سٹی چوکی پنڈدادنخان سے سول وردی میں پولیس اہلکار آئے تو وہ چور کو پکڑنے کی بجائے شہریوں کا دھمکاتے رہے اور الزام لگایا کہ تمہارا اس سے لین دین کا معاملہ ہے تم پر بھی پر چہ ہوگا جس کے بعدعلاقہ معززین اور میڈیا کی مداخلت کے کئی گھنٹے بعد پولیس نے تاخیری حربے استعمال کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے سائلین پر دباؤ ڈالا جاتا ہے کہ درخواست میں ملزم نامزد کروایا جائے۔

عوامی سماجی حلقوں نے آئی جی پنجاب اور RPOراولپنڈی عمران احمر سے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل پنڈدادنخان میں گشت کے نظام کو موثر بناتے ہوئے قابل اور فرض سناش افسران تعینات کئے جائیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button