جہلم

پاکستان پوسٹ آفس جادہ برانچ میں ٹکٹیں نایاب، اکنالج منٹ کی سہولت ختم

جہلم: پاکستان پوسٹ آفس جادہ برانچ میں ٹکٹیں نایاب، اکنالج منٹ کی سہولت ختم، ریزگاری نہ ہونے کے برابر، عملے نے تھانیداروں کا روپ دھارلیا، صارفین نے کورئیر کمپنیوں کا سہارا لے لیا، ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پوسٹ جادہ چوک میں قائم برانچ میں پچھلے کئی ماہ سے ڈرائیونگ سمیت اسلحہ کی ٹکٹیں نایاب ہیں جبکہ اکنالج منٹ رجسٹری کروانے والے شہریوں کو عملے کی طرف سے کورا جواب دیا جارہاہے کہ ہمارے پاس اکنالج منٹ رجسٹری کی کوئی سہولت موجود نہیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ پوسٹ آفس برانچ میں 100 روپے کی ریزگاری نہ ہونے کا کہہ کر عملہ کام سے جان چھڑا لیتا ہے ، اگر کوئی صارف بحث مباحثہ کرنے کی جرات کرے تو پوسٹ آفس برانچ کے ملازمین تھانیداروں کا روپ دھار لیتے ہیں ، اور صارفین کے ساتھ بدتمیزی ، بداخلاقی سے پیش آنا عملے کا وطیرہ بن چکا ہے ۔

شہریوں نے بد اخلاق عملہ کا سامنا کرنے کی بجائے نجی کورئیر کمپنیوں کے ساتھ ڈاک کے معاملات کرنا شروع کر رکھے ہیں ، جادہ برانچ کے عملہ کے رویہ سے محسوس ہوتا ہے کہ جادہ کے مقام پر نصف درجن کے قریب کورئیر کمپنیوں کے دفاتر موجود ہیں عملہ جان بوجھ کر سخت رویہ اپنا کر شہریوں کو کورئیر کمپنیوں کو دھکیل کر پاکستان پوسٹ کی ساکھ کو متاثر کررہا ہے ۔

شہریوں نے پوسٹ ماسٹر جنرل شمالی پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ جادہ چوک میں قائم پوسٹ آفس کی برانچ میں تعینات عملہ کے سخت رویہ اور بداخلاقی کے مرتکب ملازمین کی انکوائری کروائی جائے اور فرض شناس ایماندار ، خوش اخلاق ملازمین کو جادہ پوسٹ آفس میں تعینات کیا جائے ۔

موقف جاننے کے لئے سب پوسٹ آفس کے انچارج سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ دفتر میں موجود تمام سہولیات ہم نے اپنی جیب سے حاصل کر رکھی ہیں افسران پھوٹی کوڑی فنڈ کی مد میں فراہم نہیں کرتے آپ اخبارات میں ہمارے مسائل بھی شائع کریں تاکہ افسران ہمیں سہولیات فراہم کر یں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button