سوہاوہ چکوال زیر تعمیر منصوبہ کی سست روی کے خلاف احتجاج شروع، بینر آویزاں

0

پڑی درویزہ: سوہاوہ چکوال زیر تعمیر منصوبہ کی سست روی کے خلاف احتجاج شروع ، بینر آویزاں ، ڈھوک امب کے تاجر وں نے احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے کی دھمکی دے دی ۔

تفصیلات کے مطابق ڈھوک امب تحصیل سوہاوہ کے ممتاز سماجی کارکن اور پاکستان تحریک انصاف کے رکن چوہدری محمد سلیم نے اپنی طرف سے چار سال سے زیر تعمیر سوہاوہ چکوال ڈبل روڈ منصوبے کی سست روی کے متعلق حکام کو متوجہ کرنے کے لیے ڈھوک امب کے مقام پر ایک ’’پینا فلیکس ‘‘ آویزاں کر دیا ہے جس پر انہوں ڈھوک امب کی تاجر برادری کی طرف سے این ایل سی ، خادم اعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر مواصلات کے نام منصوبے کو تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

احتجاجی بیان میں چوہدری محمد سلیم نے کہا ہے کہ گزشتہ دور حکومت میں مذکورہ منصوبہ پر کام شروع ہو گیا تھا اب موجودہ حکومت کی مدت بھی پوری ہونے والی ہے لیکن تاحال سوہاوہ چکوال ڈبل روڈ کی تکمیل کے دور دور کوئی امکانات دکھائی نہیں دیتے ۔سڑک کے دونوں کے اطراف موجود تاجر برادری کا کاروبار بر ی طرح متاثر ہو رہا ہے ۔

بیان میں مزید کہا ہے کہ اگر چند روز میں منصوبے کی کارکردگی تیز اور بہتر نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا ۔

چوہدری محمد سلیم اور ڈھوک امب کے دیگر تاجروں نے مشترکہ بیان میں وفاقی وزیر مواصلات ، خادم اعلیٰ پنجاب ، این ایل سی کے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ تعمیراتی ٹھیکیداران کو ہدایت کی جائے کہ سوہاوہ چکوال روڈ منصوبے پر کام کی رفتار کو ممکن حد تک تیز کیا جائے اور منصوبے کی تکمیل کے لیے مقرر وقت کا اعلان کیا جائے ۔

مزید یہ بھی کہا گیا کہ اطرفی نالوں کی تعمیر میں سیمنٹ کی مقدار برائے نام استعمال کی جارہی جو کھلی کرپشن کے زمرے میں آتی ہے اس لیے اس طرح کے ناقص مٹیریل کے استعمال کو بھی روکنے کے اقدامات کیے جائیں ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.