گورنمنٹ پرائمری سکول دیوان حضوری میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد

0

سوہاوہ: گورنمنٹ پرائمری سکول دیوان حضوری میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد، مہمان خصوصی سید ثقلین حیدر شاہ نے طلباء وطالبات میں انعامات تقسیم کیے، ہیڈماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول دیوان حضوری راجہ عزیز انور سمیت اساتذہ، والدین اور طلباء طالبات نے بھی شرکت کی، تلاوت ونعت کے بعد سکول کے ننھے بچوں نے ملی نغمے، خاکے اور ٹیبلوز پیش کئے اور مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا،ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ پرائمری سکول سید سنور حسین شاہ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گورنمنٹ پرائمری سکول دیوان حضوری میںسالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پی ٹی آئی سوہاوہ کے رہنما سید ثقلین حیدر شاہ نے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول دیوان حضوری راجہ عزیز انور سمیت اساتذہ، والدین اور طلباء و طالبات نے بھی شرکت کی۔

تقریب کا آغاز جماعت چہارم کے طالبعلم مبین فیاض نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ جماعت پنجم کے طالبعلم عمار سعید نے اپنی خوبصورت آواز میں بارگاہ رسالت مآب میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ بعد ازاں سکول کے ننھے طلباء وطالبات نے حاضرین کو دلکش انداز میں خوش آمدید کہا۔ سکول کے ہونہار طلباء و طالبات نے ملی نغمے، خاکے اور ٹیبلو پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔

جماعت پنجم کے طالبعلم محمدفیضانفیاض نے قائداعظم محمد علی جناح کے حوالے سے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کی زندگی سے جہد مسلسل اور محبت وخلوص کا درس ملتا ہے۔

اس موقع پر گورنمنٹ ہائی سکول دیوان حضوری کے ہیڈ ماسٹر راجہ عزیز انور نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ سکولوں کا رزلٹ ماضی کے مقابلے میں بہت شاندار آرہا ہے ۔ اب گورنمنٹ کے سکول ہر لحاظ سے پرائیویٹ سیکٹر کے سکولوں سے مقابلہ کرنے اور ان سے بہتر نتائج دینے کی صلاحیت حاصل کرچکے ہیں۔بچوں میں جو قابلیت پرائیویٹ سکولوں کی بھاری فیسوں کی ادائیگی سے حاصل ہوتی تھی اب گورنمنٹ کے سکولوں میں تعینات اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ کی زیرنگرانی نہایت کم فیس میں بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارا جا رہا ہے۔

انہوں نے اہلیان علاقہ پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو گورنمنٹ سکولوں میں لازمی داخل کروائیں ، ہم انکو انشاء اللہ انکی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرکے معاشرے کا مفید شہری بنانے کی ضمانت دیتے ہیں۔ تقریب کے آخر میں گورنمنٹ پرائمری سکول دیوان حضوری کے ہیڈ ماسٹر سید سنور حسین شاہ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.