جہلم

جہلم سمیت پنجاب بھر کے ڈاک خانوں کو ٹوکن ٹیکس کی وصولی سے روک دیا گیا

جہلم: جہلم سمیت پنجاب بھر کے ڈاک خانوں کو ٹوکن ٹیکس کی وصولی سے روک دیا گیا، نوٹیفکیشن جاری،ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی صرف متعلقہ ایکسائز دفاتر میں ہی کی جا سکے گی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز ،ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے جہلم سمیت پنجاب بھر کے ڈاک خانوں کو ٹوکن ٹیکس کی وصولی سے فی الفور روکنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی صرف متعلقہ ایکسائز دفتر میں ہی کریں۔

دستیاب اعدادو شمار کے مطابق ایکسائز ،ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے اس ضمن میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس میں بتایاگیا ہے کہ پنجاب موٹر وہیکل رجسٹریشن رولز کے تحت ڈاکخانے ٹوکن ٹیکس فیس کی وصولی کے مجاز نہیں رہے، لہذا ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کا عمل اب صرف متعلقہ ایکسائز دفتروں میں ہو سکے گا۔

ٹوکن ٹیکس کی ڈاکخانوں میں وصولی روکنے کے حوالے سے پنجاب بھر کے پوسٹ ماسٹر جنرلز اور اسسٹنٹ پوسٹ ماسٹر جنرلز کو بھی نوٹیفکیشن کی کاپی ارسال کرتے ہوئے احکامات پر عمل در آمد شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اتھارٹی مجاز کے نوٹیفکیشن پر عمل در آمد کے لیے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی ڈویژن نے متعلقہ ڈاکخانوں کو کورننگ لیٹر کے ہمراہ نوٹیفکیشن جاری کردیاہے۔

مو ٹر وہیکل رجسٹریشن اتھارٹی ایکسائز اینڈ نارکوٹیکس نے اخبار نویسوں کو بتایاکہ ٹوکن ٹیکس دہندگان کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے متعلقہ ایکسائز دفاتر سے رابطہ کر کے اپنی گاڑیوں کے واجب الادا ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کریں۔انہوں نے کہا کہ ٹوکن ٹیکس کی پوسٹ آفس میں ادائیگی کی صورت میں متعلقہ گاڑی مالکان کو دوسری مرتبہ پھر ایکسائز آفس ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کرنا ہو گی لہذا دوہری فیس سے بچنے کے لیے ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی براہ راست ایکسائز آفس میں کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ عوام الناس کی سہولت کے لیے ایکسائز دفاتر میں ٹوکن ٹیکس وصولی کے خصوصی کاؤنٹرز دفتری اوقات میں کھلے رہیں گے جہاں پر وہ ٹوکن ٹیکس جمع کروا سکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button