دینہاہم خبریں

وقف املاک اللہ کی امانتیں ہیں، خیانت کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا۔ ذوالفقار احمد گھمن

جہلم: مزارات ، مساجد کے نام پر وقف املاک پر قبضے کرنے اور کروانے والوں کے خلاف مقدمات درج کروانے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ، سیکرٹری اوقاف نے جہلم سمیت پنجاب بھر میں گھریلو و کمرشل مقاصد کے لئے نیلام کئے گئے رقبہ جات کی تفصیلات طلب کر لیں جو ایک پرفارمہ کی شکل میں فراہم کی جائیں گی۔

سیکرٹری اوقاف ذوالفقار احمد گھمن نے ہدایت کی ہے کہ جہلم سمیت صوبہ بھر میں موجود وقف املاک اللہ کی امانتیں ہیں جن میں خیانت کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا، انہوں نے ہدایت کی کہ فوری طور پر ماضی قریب اور ماضی بعید میں ایسی وقف املاک جو پٹرول پمپوں سمیت دیگر کمرشل و گھریلو مقاصد کے لئے نیلام کی گئیں۔

ان کی 15 نکات پر مشتمل تفصیلات ارسال کی جائیں ، جن میں نام، زون ، نام وقف املاک ، تحصیل ضلعی ، یونٹ کی نوعیت ، محل وقوع، یونٹ نمبر، محکمانہ تجویز کردہ ماہانہ کرایہ ، تاریخ نیلام، بولی میں حاصل ہونے والی گڈول ، مدت لیز ، نام کامیاب بولی دھندہ ، حسب پالیسی تشخیص نو کے بعد موجودہ ماہانہ کرایہ ، موجودہ قابض کا نام ، موقع کی صورتحال سمیت دیگر تفصیلات سے آگاہی دی جائے۔

ذرائع کے مطابق ذوالفقار احمد گھمن نے ہدایت کی ہے کہ تمام تفصیلات 24 گھنٹے کے اندر اندر ہیڈ آفس کو موصول ہونا ضروری ہیں ، ذرائع کے مطابق سیکرٹری اوقاف نے اجلاس کے دوران شرکاء پر واضح کیا کہ گھر کے بھیدی ہی لنکا ڈھاتے ہیں ، اپنوں کی ملی بھگت کے بغیر وقف املاک پر کسی صورت کسی کو قبضہ کرنے کی جرات نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام زونل ایڈمنسٹریٹرز سے اوقاف کی ایسی وقف املاک جو مختلف اوقات میں قبضہ گروپوں کی نظر ہوئیں ان کی بابت بھی الگ سے تفصیلات فراہم کی جائیں جس میں خاص طور پر ان ملازمین کی نشاندہی کی جائے ، جن کی تعیناتی کے دوران وقف املاک پر قبضے ہوئے تاکہ ان کے خلاف بھی قانونی چارہ جوئی کی جاسکے ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button