سول ہسپتال جہلم کے مختلف شعبوں میں ناقص و غیر معیاری اشیاء کی سپلائی، ملازمین سراپا احتجاج

0

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے جنرل سٹور پر ناقص و غیر معیاری اشیاء کی موجودگی، غیر معیاری اشیاء کے باعث ہسپتال کی لانڈری سمیت دیگر شعبوں کے ملازمین سراپا احتجاج ۔ ملازمین نے ڈپٹی کمشنر ، سی ای او ہیلتھ سمیت اعلیٰ حکام سے انکوائری کروانے کا مطالبہ کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے جنرل سٹور پر تعینات سٹور کیپر نے ٹھیکیدار کے ساتھ ملی بھگت کرکے ہسپتال کے مختلف شعبوں میں ناقص وغیر معیاری اشیاء کی سپلائی شروع کر رکھی ہے جس کے باعث ہسپتال کے اندر روزمرہ کی استعمال کی جانے والی اشیاء جلد ہی ناکارہ ہو جاتی ہیں، جن میں لانڈری پر لائی جانے والی چادریں، بیڈ شیٹس، سرہانے اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔

لانڈری کے ملازمین نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ سٹور کیپر نے ٹھیکیداروں کے ساتھ معاملات طے کر رکھے ہیں اور پچھلے چند ماہ سے لالہ موسی کی 2 نمبر اشیاء مہیا کی جارہی ہیں جس کے بارے متعدد مرتبہ متعلقہ سٹور کیپر کو زبانی شکایات کیں ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔

ملازمین نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ ٹھیکیدار نے منافع زیادہ حاصل کرنے کی خاطر انتہائی ناقص وغیر معیاری بلیچ، منگوائی جس کی مالیت لاکھوں میں تھی ، جس کے استعمال سے کپڑوں ، چادروں وغیرہ کا رنگ خراب ہو جاتا ہے ، اسی طرح باقی شعبوں جن میں سینیٹیشن برانچ کے سینٹری ورکروں نے بھی ناقص تیزاب سمیت دیگر غیر معیاری اشیاء کے بارے شکایات کیں۔

جہلم کے شہریوں سمیت متعلقہ شعبوں کے ملازمین نے ڈپٹی کمشنر جہلم ،چیف ایگزیکٹوو آفیسر محکمہ صحت ، ایم ایس سے مطالبہ کیاہے کہ ہسپتال کے سٹور میں ناقص و غیر معیاری اشیاء کی سپلائی کی روک تھام کی جائے اور ناقص و غیر معیاری اشیاء کی خریداری کرنے والے ٹھیکیدار اور متعلقہ ذمہ دار کے خلاف انکوائری کرواکر جرم ثابت ہونے پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ہسپتال میں ہونے والی مالی بدعنوانی کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.