بہار شجر کاری مہم کے دوران 30 لاکھ پودے لگائے جا رہے ہیں۔ اطہر شاہ کھگا

0

جہلم: چیف کنزرویٹر فارسٹ ناردرن زون اطہر شاہ کھگا نے ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ سے ملاقات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ محکمہ جنگلات نارتھ زون راولپنڈی کے زیر اہتمام بہاریہ شجر کاری مہم کے دوران 30لاکھ پودے لگائے جا رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ نے بتایا ہے محکمہ جنگلات کے ساتھ مل کر ضلعی انتظامیہ جہلم تمام تحصیلوں میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت جہلم میں ہزاروں نئے پودے لگا رہے ہیں جبکہ21 مارچ کو میگا ایونٹ کے تحت 36300 نئے پودے بجولا جنگل میں لگائے جائیں گے ۔

انکا کہنا تھا کہ بین الاقوامی دن برائے جنگلات 21 مارچ کو لگائے جانے والے پودوں میں مختلف قسم کے پھلدار درخت شامل ہوں گے جن کی دیکھ بھال بھی محکمہ جنگلات جہلم کرے گا۔

اس موقع پر کنزرویٹر فارسٹ راولپنڈی ساؤتھ سرکل ثاقب محمود، ڈویژنل فارسٹ آفیسر ملک ساجد قدوس، ایس ڈی ایف او جہلم سدھیر مغل،ایس ڈی ایف او سوہاوہ عامر امتیاز اور دیگر موجود تھے۔

چیف کنزرویٹر فارسٹ ناردرن زون اطہر شاہ کھگا کے مطابق نارتھ زون میں بہاریہ شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیاہے اور مہم کی کامیابی کے لئے تمام تر اقدامات کئے گئے ہیں 9 فروری سے شروع ہونے والے ’’پلانٹ فار پاکستان ڈے‘‘ پروگرام کے تحت محکمہ جنگلات نارتھ زون نے اب تک2 لاکھ سے زائد پودے لگا دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقررہ ہدف کے مقابلے میں تقریباً121فی صد زائد ہے۔ اسی طرح جہلم کی تمام تحصیلوں میں ضلعی انتظامیہ اور فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام فری پلانٹس کی تقسیم اور ہزاروں نئے پودے لگائے جا رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.